مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور کابینہ کو چاہئے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے علاج کی خاطر باہر جانے کے معاملے کو سرکاری گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے بلکہ نواز شریف کی درخواست پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کو چاہئے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے بڑے دل کا مظاہرہ کریں، خدانخواستہ اگر نوازشریف کو کْچھ ہوگیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہوجائے گی۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سرکاری گورکھ دھندے میں الجھا گیا تو ملک میں افرا تفری ہوگی، ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا جس سے عوام کے لئے بھی مشکلات میں اضافہ ہوگا، اس لئے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہوسکے۔