ممبئی:
سلمان خان کے والد فلمساز و مصنف سلیم خان اور معروف لکھاری جاوید اختر نے بابری مسجد کے بدلے کسی اور جگہ دوسری مسجد کی تعمیر کے لیے دی جانے والی 5 ایکڑ زمین پر مسجد بنانے کے بجائے اسکول یا خیراتی اسپتال بنانے کا مطالبہ کردیا۔
دبنگ خان کے والد، معروف فلم ساز اور ڈائیلاگ رائٹرز سلیم خان نے ایودھیا کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کے لیے دی جانے والی جگہ پر اسکول بناناچاہیے، اس وقت ہمیں مسجد سے زیادہ اچھے اسکولوں کی اشد ضرورت ہے۔
سلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیغمبر آخری الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں دو اہم تعلیمات دی ہیں، محبت سے پیش آنا اور درگزر کرنا۔ اب ایودھیا کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہوگیا۔ مسلمان ان دو انمول موتیوں پرعمل کریں۔
دوسری جانب شاعر اور کئی کامیاب فلموں کے مصنف جاوید اختر نے بھی ایودھیا کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کے لیے دی جانے والی زمین پر اسپتال بنانا چاہیے کیوں کہ مساجد بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن اچھے اسپتالوں کی کمی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے زمین ہندوؤں کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا اور مسلمانوں کو ایودھیا میں ہی کسی اور جگہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمیں دینے کا حکم بھی دیا۔