سوتن سے بہنوں جیسا تعلق کیسے بن سکتا ہے، اسما عباس نے راز کی بات بتادی

0
110

کراچی:

نامور اداکارہ اسما عباس نے اپنی سوتن اور اپنی شادی شدہ زندگی کے کئی اہم رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔

لفظ سوتن کو ہمارے معاشرے میں منفی انداز میں لیا جاتا ہے اور سوتن کا لفظ سن کر ہی زہن میں لڑائی جھگڑے اور خواتین کے درمیان تکرار کی کہانیاں گھومنے لگتی ہیں۔ تاہم اداکارہ اسما عباس نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی سوتن اور شادی شدہ  زندگی کے بارے میں مثبت انداز میں بات کرکے مثال قائم کرنے کی کوشش کی ہے کہ سوتنوں کے درمیان صرف نفرت کا رشتہ نہیں ہوتا بلکہ وہ دونوں ساری زندگی پیار و محبت کے ساتھ بھی رہ سکتی ہیں۔

ایک مارننگ شو میں اسما عباس نے اپنی شادی کے متعلق کئی انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی شوہر کی دوسری بیوی ہیں جب کہ ان سے قبل ان کے شوہر کی پہلی شادی کو دس سال ہوچکے تھے لیکن ان کے بچے نہیں تھے۔ ان کے شوہر جو کہ آرمی میں تھے اپنی پہلی بیوی سے بہت محبت کرتے تھے اور انہیں کہا کرتے تھے کہ اگر میں دس جنم بھی لے تو تم ہی سے شادی کروں گا۔ لیکن دس جنم تک ساتھ نبھانے کا وعدہ کرنے والے مرد اچانک بدل جاتے ہیں۔

اسما عباس نے کہا جب عباس صاحب نے مجھے پہلی بار دیکھا تو میں انہیں بہت پسند آگئی اور انہوں نے مجھ سے شادی کے لیے پوچھا اور ہماری شادی ہوگئی لیکن انہوں نے اس شادی کے بارے میں اپنی پہلی بیوی کو نہیں بتایا تھا۔ لہذا جب انہیں ہماری شادی کے بارے میں پتہ چلا تو وہ ناراض ہوئیں لیکن میں نے ان سے کہا اب تو یہ ہوگیا اور اب یہ سب بدل نہیں سکتا اور نہ ہی آپ عباس صاحب کو چھوڑ سکتی ہیں اور نہ میں لہذٰا بہتر یہی ہے کہ ہم پیار محبت سے رہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اقبال حسین کی بشریٰ انصاری سے شادی کی خبروں کی تردید

اسما عباس نے کہا کہ میری سوتن مجھ سے عمر اور رتبے میں بڑی تھیں لہذٰا میں نے انہیں بہت عزت دی، گھر کا سارا نظام ان کے ہاتھ میں تھا، خرچہ بھی ان کے ہاتھ میں تھا، گاڑی میں بھی وہ آگے بیٹھتی تھیں اور میں پیچھے بیٹھتی تھی۔ دراصل میں نے انہیں بہت عزت دی اور ان سے ان کا عہدہ اور جگہ چھیننے کی کوشش نہیں کی، جس کی وجہ سے آہستہ آہستہ  ہم دونوں میں بہت اچھی دوستی ہوگئی، یہاں تک کہ وہ جیسے کپڑے اپنے لیے خرید کر لاتی تھیں میرے لیے بھی ویسےہی کپڑے لاتی تھیں۔ ایک وقت ایسا آیا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کی اتنی عزت کرتے تھے کہ ایک دوسرے کے نام بھی نہیں لیتے تھے۔

اسما عباس  نے اپنے اور اپنی سوتن کے درمیان محبت اور عزت کی وجہ اپنے شوہر کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عباس صاحب نے ہم دونوں کو اتنا بیلنس رکھا ہوا تھا اور ہم دونوں کو یکساں عزت دیتے تھے یہی وجہ ہے کہ میرے اور عذریٰ (اسما عباس کی سوتن) کے درمیان رشتہ بہت اچھا تھا اور ہم دونوں نے کبھی لڑائی نہیں کی۔

اسما عباس نے لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ  لڑائی جھگڑے کرنے سے گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے لہٰذا ایک دوسرے سے نفرتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں چار شادیاں کرنی جائز ہیں لیکن لوگ چار شادیوں کا اصل مقصد نہیں سمجھتے جس کی وجہ سے گھر کا ماحول خراب ہوتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here