کراچی:
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤدنے کہاہے کہ پاکستان بین الاقوامی تجارت میں اپناحصہ بڑھانے کے لیے دنیابھرسے تجارت کا خواہاں ہے.
وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے تحت اوآئی سی کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی مشیرتجارت نے کانفرنس کے انعقاد کوایف پی سی سی آئی کی جانب سے بہترین اقدام قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام مسلم ممالک کے شرکا کی پاکستان آمد پر خوش آمدیدکہتی ہے اورہم مل کر تجارت میں بہت زیادہ اضافہ کرسکتے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ ہم او آئی سی ممالک تجارت میں سالانہ 4فیصد تک کا اضافہ کرسکتے ہیں۔ گزشتہ 12ماہ کے دوران ایزآف ڈوئنگ ریٹنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان رواں سال ایز آف ڈونگ بزنس کی 136ویں رینکنگ پر آگیاہے۔ انھوں نے کہاکہ او آئی سی ممالک پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رزاق داود نے کہاکہ کانفرنس میں سارک ممالک کے نمائندوں کی بھرپورانداز میں شرکت خوش آئند ہے۔اس کانفرنس کا مقصد معلومات دینا تھا اور شہر قائد کا امیج اس ایونٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں مثبت امیج روشن ہوا۔ اس وقت انڈسڑی کو سب سے بڑا مسئلہ پانی کاہے۔سندھ میں اس وقت پانی کا مسئلہ اہم ہے۔گیس کے مسائل کے حوالے سے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مشرف کے دور میں پیاز کا مسئلہ ہوااور بعدازاں آلو کا مسئلہ کھڑا ہواتھایہ ایک سائکل ہے جوقلت کاسبب بنتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایران سے ٹماٹر کی درآمد پر معاملات چل رہے آنے والے وقت میں چیزیں مزید بہتر ہونگی۔
انہوں نے کہاکہ ایز آف ڈوئنگ بزنس میں بہتری حکومتی پالیسیوں میں تسلسل کی بدولت ممکن ہوئی ہے جبکہ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہت کام ہواہے۔