پشاور:
وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ٹماٹر مہنگے ہیں تو نہ کھائیں اس کی جگہ دہی استعمال کریں۔
سوشل میڈیا میں وائرل ہونے والی ایک وڈیو میں شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ جب مارکیٹ میں کسی چیز کی طلب اس کی رسد سے بڑھ جائے تو اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم گوشت اور مرغی مہنگے ہونے کی بات تو کرتے ہیں لیکن ہم اس کے پیچھے پڑجاتے ہیں۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ٹماٹر کی قیمت کا پتہ نہیں، عرصہ ہوا دہی استعمال کرتا ہوں۔ عوام ٹماٹر سے جان چھڑالیں اور دہی استعمال کریں ۔ قیمتیں خود ہی معمول پر آجائیں گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ٹماٹر سمیت کئی اقسام کی سبزیاں اور عام استعمال کی اشیا انتہائی مہنگی ہوگئی ہیں۔ کئی علاقوں میں ٹماٹر کی قیمت 400 روپے تک جاپہنچی ہے، بحران سے نمٹنے کے لیے خصوصی طور پر ایران سے کئی ہزار ٹماٹر درآمد بھی کئے گئے ہیں۔