ایڈیلیڈ ٹیسٹ؛ پاکستانی ٹیم کچھ مختلف کر دکھانے کیلیے پُرعزم

0
102

لاہور:  ایڈیلیڈ میں پاکستانی ٹیم کچھ مختلف کردکھانے کیلیے پُرعزم ہے۔

برسبین ٹیسٹ باہر بیٹھ کر دیکھنے والے اوپنر امام الحق ایڈیلیڈ میں ایکشن میں آنے کیلیے تیار ہیں، پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ پچ اچھی نظر آرہی ہے،یہاں بیٹسمینوں اور اسپنرز کو بھی مدد ملے گی، ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہونے کی وجہ سے اسٹیڈیم میں رونق لگنے کا امکان ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم برسبین میں جیت تو نہیں سکے لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان کی دوسری اننگز میں مزاحمت نے دیگر کھلاڑیوں کا حوصلہ بھی جوان کردیا، چند سیشنز میں خراب اسٹروکس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا، ہم پُراعتماد ہیں کہ ایڈیلیڈ میں خامیوں پر قابو پاتے ہوئے کم بیک کریں گے، میچ سے قبل 2 روز نیٹ سیشنز میں پنک بال کو کھیلنے کی پریکٹس کا موقع ملے گا،امید ہے بیٹسمین کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔

ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اپنی شرکت کے بارے میں یقینی طور پرکچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ایک پروفیشنل کرکٹر کو ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ بہترین بیٹسمین اور یاسر شاہ ذہنی طور پر مضبوط ہیں، شائقین کو دونوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، مصنوعی روشنیوں میں پنک بال کے ساتھ ایکشن میں نظر آنے والے محمد عباس کینگروز کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، پیسر فٹ اور موقع ملنے پر بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے تیار ہیں۔

ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ میں مچل اسٹارک کا سامنا کرنے پر ہی بتا سکوں گا کہ ان کو کس طرح کھیلنا ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پیسر کی بولنگ پر بیٹنگ کرچکا ہوں،انھوں نے کہا کہ پنک بال سے کھیلتے ہوئے ابتدا میں تمام بیٹسمینوں کو مشکل ہوگی،البتہ15یا20گیندیں کھیلنے کے بعد بیٹنگ آسان ہوجانی چاہیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here