پشاور:معروف اداکارہ و میزبان وینا ملک کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وینا ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت کی توسیع کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال میں آرمی چیف جنرل باجوہ صاحب مسٔلہ کشمیر کے حل، بھارت کے ساتھ کشیدہ حالات، افغان امن معاملات اور پاکستان کے اندرونی سازشوں کا بھرپور طریقے سے دفاع کررہے ہیں۔وینا ملک نے یہ بھی کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے، پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ بین اقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بہتر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس لئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع وقت کی اہم ضرورت ہے۔وینا ملک نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام پر تنقید کرنے والے اور اب ان کی توسیع کے معاملے پر عوام کو گمراہ کرنے والے افراد کا مفاد ہرگز پاکستان کے اندرونی حالات کی بہتری میں نہیں، اداروں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔وینا ملک نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں سپاہ سالار کے انتخاب کو تنقید کا نشانہ بنانے والے افراد ملک دشمنی کے مترادف عمل میں ملوث ہیں۔