کراچی:
ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس نے اسمال ٹریڈنگ اینڈانڈسٹریل اسٹیٹ کے گودام پرایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گودام سے اسمگل شدہ اور مضرصحت78اعشاریہ8میٹرک ٹن چھالیہ برآمد کرلی ۔
ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی کے ڈائریکٹر عرفان جاوید نے ایکسپریس کوبتایاکہ اسمگلروں کا منظم گروہ مضرصحت واسمگلڈ چھالیہ مذکورہ گودام سے کراچی بھرمیں سپلائی کرتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ برآمد ہونے والی چھالیہ کی مالیت15 کروڑ 76لاکھ50ہزارروپے ہے۔ گودام میں چھالیہ کے ساتھ چھالیہ کاٹنے کی مشینیں بھی نصب تھیں۔
عرفان جاوید نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ کو موصولہ ایک خفیہ اطلاع پرچھاپے سے قبل 3دن اسمگلروں کی مذکورہ گودام میں مشکوک سرگرمیوں کی ریکی کی گئی جس کے نتیجے میں درست ہدف سے آگاہی ہوئی اور بعدازاں اسمال ٹریڈنگ اینڈانڈسٹریل اسٹیٹ کے مذکورہ گودام پرکامیاب چھاپہ ماراگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران اس امر کی نشاندہی ہوئی ہے کہ اسمگلڈ اور مضرصحت چھالیہ بلوچستان کے راستے اندرون ملک بھیج کر دوسرے راستے سے کراچی پہنچائی جاتی ہے ۔