سری نگر:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر برفانی تودا گرگیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لداخ کی وادی دراس کے علاقے مشکو میں قائم بھارتی فوج کی بیس پر برفانی تودا گرنے کے باعث وہاں موجود اہلکار دب گئے جس پر فوری طور پر ریسکیو ادارے کو طلب کیا گیا۔
یہ خبر پڑھیں: سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے بھارتی فوج کے 2 اہلکار ہلاک
ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کو برفانی تودے سے نکالا اور قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ 4 شدید زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے زریعے شہر کے بڑے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: قابض بھارتی فوج کی چیک پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے 4 اہلکار ہلاک
برفانی تودے میں دب کر ہلاک ہونے والے بھارتی فوج کے اہلکار کی شناخت دھرمیندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ درجن سے زائد زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔