ملتان سلطانز کیخلاف سیمی فائنل میں ڈیرن سیمی بھی ان ایکشن ہوں گے

0
332

لاہور:

پی ایس ایل کے پہلے سیمی فائنل میں پشاور زلمی کی جانب سے سابق کپتان ڈیرن سیمی کو میدان میں اتارے جانے کا قوی امکان ہے۔

پشاور زلمی کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ ڈیرن سیمی نے قذافی اسٹیڈیم میں ایک گھنٹے سے زیادہ بیٹنگ پریکٹس کی، اس دوران انہوں نے اسپنرز کے ساتھ فاسٹ بولرز وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی کی طوفانی گیندوں کا سامنا کیا۔ نیٹ میں انہوں نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے متعدد بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار بھی پھینکا۔

ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ نے بطور کپتان اب تک پی ایس ایل کے چار میچوں میں شرکت کی تھی، جس کے بعد وہاب ریاض کو کپتان مقرر کرکے ڈیرن سیمی کو ہیڈ کوچ کا عہدہ دے دیا گیا تھا تاہم اس کے یہ آپشن برقرار رکھا گیا کہ ضرورت پڑنے پر وہ بطور کھلاڑی پلینگ الیون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

 

کورونا وائرس کی وجہ سے پشاور زلمی کے تمام غیرملکی واپس جاچکے ہیں، اب ڈیرن سیمی کے ساتھ ٹیم میں نئے شامل ہونے والے زمبابوے کے سکندر رضا ہی کھیلنے کے لیے دستیاب ہیں۔ ڈیرن سیمی کی حتمی ٹیم میں شمولیت پر کپتانی کا فریضہ وہاب ریاض ہی نبھائیں گے۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے معروف بلے باز ہاشم آملہ بھی بدستور ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور کیچ پریکٹس میں مدد  دیتے رہے۔  پشاور زلمی کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ڈیرن سیمی کو میچ میں کھلانے کا فیصلہ صبح کیا جائے گا۔ ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل رولز کے مطابق ہاشم آملہ کی خدمات بطور مینٹیور حاصل کی گئی ہیں، وہ کھلاڑی کے طورپر میچ نہیں کھیل سکتے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here