کچھار میں گھس کر انگلش شیروں کا شکار، پاکستان تیار

0
257

لاہور:

پاکستان کچھار میں گھس کر انگلش شیروں کا شکار کرنے کیلیے تیار ہے تاہم پہلا ٹیسٹ بدھ کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شروع ہوگا۔

انگلینڈ نے کورونا وائرس کے سائے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیا، بائیو سکیور ماحول میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں شکست کے بعد کم بیک کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے اگلے دونوں مقابلوں میں فتح کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹرز پی ایس ایل پلے آف میچز ملتوی ہونے کے بعد طویل وقفے پر مجبور ہوئے، کرکٹ کی کمی پوری کرنے کیلیے اسکواڈ 5ہفتے قبل ہی انگلینڈ پہنچ گیا تھا، ووسٹر کے بعد ڈربی شائر میں بھی ٹریننگ اور آپس میں پریکٹس میچز کا سلسلہ جاری رہا۔

 

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ بدھ کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا وہاں ویسٹ انڈیز سے سیریز کے آخری دونوں میچز ہوئے، اب مسلسل تیسرا مقابلہ اسی وینیو پر ہونے کی وجہ سے کنڈیشنز بیٹنگ کیلیے مشکل ہونے کی توقع ظاہر کر دی گئی ہے، اولڈ ٹریفورڈ میں گذشتہ دونوں میچز میں مجموعی طور پر 61وکٹیں گری ہیں، ان میں سے 50پیسرز جبکہ 11سپنرز کے حصے میں آئیں۔

مہمان ٹیم کو میزبان کاؤنٹیز کے بولرز اور بیٹسمینوں کیساتھ مسابقتی کرکٹ کا موقع نہیں ملا، صرف آپس میں پریکٹس میچ کھیلے، ان میں سے بھی آخری بارش سے متاثر ہوا، پاکستانی کرکٹرز کیلیے بائیو سیکیور ماحول میں انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا یہ پہلا موقع ہوگا۔

تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں روایتی سپورٹ حاصل نہیں،خود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، اپنی حکمت عملی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار پاکستان نے ابھی تک پلیئنگ الیون کا انتخاب نہیں کیا۔

پہلے سے شارٹ لسٹ کیے جانے والے 20 کرکٹرز میں سے 16کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں عابد علی، شان مسعود، امام الحق، اظہر علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، سرفراز احمد، یاسر شاہ، شاداب خان، کاشف بھٹی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ اور سہیل خان شامل ہیں، ان میں سے زیادہ امکان یہی ہے کہ امام الحق، فواد عالم، سرفراز احمد، کاشف بھٹی اور سہیل خان کو باہر بٹھایا جائے گا۔

یقینی طور پر بیٹنگ کا بوجھ تجربہ کار اظہر علی، اسدشفیق اور باصلاحیت بابر اعظم کو اٹھانا ہوگا، شان مسعود اور انگلینڈ میں پہلی بار کھیلنے والے عابد علی کی جانب سے اچھا آغاز انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، گرم موسم میں اولڈ ٹریفورڈ کی خشک پچ پر یاسر شاہ کیلیے کیریئر کو سنبھالا دینے کا اچھا موقع ہے، پیس بیٹری میں شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ دنیائے کرکٹ پر اپنی دھاک بٹھانے کیلیے پرتول رہے ہیں۔

دوسری جانب میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز سے پہلے میچ میں جدوجہد کرنے کے بعد فتح کے ٹریک پر آچکی ہے، جوئے روٹ کو کئی ان فارم کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل ہیں،انگلینڈ کی امیدوں کا محور بین اسٹوکس ہوں گے،بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی ان کی دستیابی کا امکان ہے،آل راؤنڈر گذشتہ میچ میں بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین ایکشن میں نظر آئے، ایک اضافی پیسر شامل کرنے کیلیے زیک کرولی کو باہر بٹھانا پڑا تھا۔

پلیئنگ الیون میں تاخیر کی ایک وجہ یہ ہے کہ سلیکٹرز بین اسٹوکس کی بولنگ کیلیے درکار فٹنس کو دیکھتے ہوئے کمبی نیشن بنائیں گے، اسٹورٹ براڈ ویسٹ انڈیز کیخلاف مین آف دی سیریز تھے، کرس ووئیکس زبردست فارم میں ہیں۔

اس صورتحال میں بین اسٹوکس بطور بولر بھی دستیاب ہوئے تو جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر یا ڈوم بیس میں سے کسی ایک کو باہر بٹھانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے،دوسری طرف کپتان جوئے روٹ کی فارم میزبان ٹیم کیلیے تشویش کا باعث ہے۔

موسم کی پیشگوئی کے مطابق بدھ کو مانچسٹر میں صبح کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے، میدان زیادہ گیلا نہ ہوا تو کھیل متاثر ہونے کا خدشہ نہیں،جمعرات کی صبح بھی بوندا باندی ممکن ہے،بعد ازاں دھوپ نکلی رہے گی، اگلے تینوں روز بھی بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہ سکتی ہے لیکن بارش کا امکان نہیں،البتہ گرمی برقرار رہے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here