لاہور:
کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں آئی پی ایل کا رواں سال انعقاد ناممکن نظر آنے لگا،بی سی سی آئی کو 2ہزار کروڑ، ہر فرنچائز کو100 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔
بھارتی بورڈ کے ایک عہدیدارنے کہاکہ غیر یقینی حالات میں ایونٹ کے بارے میں فی الحال سوچ نہیں رہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال مسلسل ابتر ہوتی جارہی ہے،بھارت میں بھی کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا،29 مارچ کو شروع ہونے والی لیگ کو15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اب رواں سال انعقاد کا امکان نظر نہیں آ رہا، ایونٹ منسوخ ہونے کی صورت میں بی سی سی آئی کو 2ہزار کروڑ جبکہ ہر فرنچائز کو 100 کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ انتہائی غیر یقینی صورتحال ہے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ حالات کب صحیح ہوں گے، بھارت آنے والی پروازوں کی کیا صورتحال ہوگی۔
کھلاڑیوں کے لیے ویزے جاری کرنے کے کیا معاملات ہوں گے،ابھی تو کوئی آئی پی ایل کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہا بلکہ سب کی نگاہیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ کب اس وبا کا خاتمہ ہو،کورونا وائرس اس وقت کسی بھی کھیل کے مستقبل سے زیادہ بڑا اور اہم مسئلہ ہے۔ایک فربچائز کے نمائندے نے کہاکہ یہ دنیا کیلیے ایک بڑی مشکل صورتحال ہے، رواں سال آئی پی ایل کا انعقاد ممکن نظر نہیں آ رہا،اگر حالات میں بہتری آ بھی گئی تو اتنے بڑے ایونٹ کے لاجسٹک سمیت تمام تر مسائل کا حل تلاش کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوگا۔