ممبئی: بھارت بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر 21 روزہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے فلم انڈسٹری کے 25 ہزار سے زائد لوگوں کی مدد کے لیے سلمان خان میدان میں آگئے۔
دنیا بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلتے ہوئے کورونا وائرس نے بھارت کو بھی جکڑ رکھا ہے جس کی حفاظت کے پیش نظر مودی سرکار نے بھارت بھر میں 21 روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔
اس صورتحال کی وجہ سے جہاں ملک بھر کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں تو وہیں بالی ووڈ انڈسٹری سے وابستہ یومیہ بنیادوں پر کمانے والے 25 ہزار سے زائد مزدور بھی فاقہ کشی کا شکار ہوگئے ہیں۔
مشکل کی اس گھڑی میں ان مزدوروں کی مدد کے لیے بالی ووڈ سلطان نے میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے اور 25 ہزار مزدوروں کو راشن فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔ اس حوالے سے فلمی انڈسٹری کی ایک تنظیم نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا ہے اس ضمن میں سلمان خان کی تنظیم نے اس مزدوروں کی مدد کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ہمارے پاس باقاعدہ طور پر 5 لاکھ مزدور ہیں جن میں سے 25 ہزار مزدورں کو مالی مدد درکار ہے، ان کی مدد کے لیے سلمان خان کی تنظیم نے تمام مزدوروں کے بینک کی تفصیلات مانگی ہیں تاکہ پیسے براہ راست ضرورت مندوں تک پہنچ سکیں۔