نیو یارک،کابل(پاکستان نیوز) امریکی سینٹ کام کمانڈر کا کہنا ہے کہ جب تک کالعدم القاعدہ افغانستان میں موجود ہے امریکہ کو افواج نہیں نکالنی چاہئے ، انخلا کے حوالے سے طالبان نے ابھی تک تمام شرائط کو پورا نہیں کیا ہے۔جنرل کینتھ مک کینزی نے کہا کہ طالبان سے امریکہ کو تاریخ میں کبھی بھی کوئی خطرہ نہیں رہا، واشنگٹن کو خطرہ ان عناصر سے رہا ہے جنہیں طالبان نے افغانستان میں پناہ دی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک طالبان کالعدم تنظیم القاعدہ سے لاتعلقی کو ثابت نہ کریں تب تک افواج واپس نہیں بلانی چاہئے۔امریکی جنرل نے کہا کہ ابھی تک یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ افغانستان سے امریکہ پر پھر کسی حملے کی منصوبہ بندی نہیں کی جائے گی۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ انٹرا افغان مذاکرات کیلئے حکومت جلد ہی تمام طالبان قیدیوں کو رہاکردیگی۔دوحہ میں ہونے والے امریکہ اور طالبان کے معاہدے کے تحت افغان حکومت نے 5000طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا وعدہ کیا تھا جبکہ طالبان نے ایک ہزار افغان سکیورٹی اہلکاروں کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔صدراشرف غنی نے بتایا کہ افغان حکومت پہلے ہی 3000قیدیوں کو رہا کرچکی ہے باقی جلد ہی رہا کر دیئے جائینگے۔ طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے ٹویٹر پر کہا کہ اب تک قیدیوں کی رہائی ایک مثبت قدم ہے اور اس نے اچھی پیشرفت کی علامت ہے۔غنی نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے امن عمل کیلئے ا?ئندہ اقدامات کا اعلان کریں گے۔