اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے گلے شکوے دور کرلیے۔
ایکسپریس کے مطابق ملاقات میں فواد چوہدری نے اپنے انٹرویو سے متعلق وضاحت پیش کی اسد عمر اور فواد چوہدری کے درمیان ملاقات معاون خصوصی عثمان ڈار نے کروائی ۔ ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام اور کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ۔
فواد چوہدری اور اسد عمر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کابینہ اجلاس میں ہونے والی تلخ کلامی پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی اور حکومتی مفاد میں ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
ملاقات کے بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر سے کبھی کوئی اختلاف نہیں رہا، میں نے انٹرویو میں اپنا سیاسی تجزیہ پیش کیا تھا،جمہوری پارٹی کے اندر ہر کسی کو رائے دینےکی اجازت ہوتی ہے ۔ فواد چوہدری نے کہا بعض اوقات فیملی میں بھی غلط فہمیاں ہو جاتی ہیں، اسد عمر نے بتایا کہ فیصلے وزیراعظم نے کرنے ہوتے ہیں وہ کبھی ان فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہوئے۔