کراچی(پاکستان نیوز)ڈیبٹ سروس معطلی اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت پاکستان 2020 میں 2 ارب 41 کروڑ ڈالر کے قرضوں کی ادائیگیوں کو دوبارہ ترتیب دیگا۔ عالمی بینک نے ری شیڈولنگ پر ملک کے مخصوص ڈیٹا جاری کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ اس اقدام سے ملک بحرانوں پر ردعمل کو موثر بنانے کے قابل ہوگا اور قرض دہندگان وسائل کو کورونا وائرس بحران کے ردعمل میں معاشرتی، صحت یا معاشی اخراجات میں اضافے کیلئے استعمال کرسکیں گے۔پاکستان انگولا کے بعد اس اقدام کا فائدہ اٹھانے والا دوسرا ملک ہے ،ورلڈ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق 2020 میں ملک کو کل 8 ارب 97 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ادا کرنا تھا جس میں کثیرالجہتی 3 ارب 40 کروڑ ڈالر، دو طرفہ 4 ارب 32 کروڑ ڈالر، غیر سرکاری 85 کروڑ ڈالر اور بانڈ ہولڈرز کے 2 36 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز ہے۔2 ارب 41 کروڑ ڈالر کے ری شیڈولنگ سے سال کے دوران ملک کی قرض کی خدمات کی ادائیگی 6 ارب 53 کروڑ ڈالر ہوجائے گی جو جی ڈی پی کے 0.9 فیصد کی بچت ظاہر کرے گی تاہم ڈی ایس ایس آئی نے ان ادائیگیوں کو منسوخ نہیں کیا بلکہ انہیں صرف بعد کی تاریخ تک موخر کیا تھا۔معطلی کی مدت یکم مئی سے شروع ہوگی اور 2020 کے آخر تک رہے گی۔ادائیگیوں کی معطلی این پی وی نیوٹرل ہوگی، ادائیگی کی مدت ایک سال کی رعایت کی مدت کے ساتھ تین سال ہوگی اور اسے دوبارہ شیڈولنگ یا ری فنانسنگ کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔پاکستان نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے کیونکہ اس سے وبائی امراض سے متاثرہ زندگیوں کیلئے وسائل مختص کرنے میں آسانی ہوگی۔