لندن:
ورلڈ کپ میں پاکستان کا انحصار ’’یوتھ پاور ‘‘ پر ہوگا جب کہ شریک ممالک میں سب سے ’جوان اسکواڈ‘ گرین شرٹس کا ہے۔
انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے حوالے سے کچھ دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں، اوسط عمر کے لحاظ سے سب سے نوجوان اسکواڈ پاکستان کا ہے، جسکے کھلاڑیوں کی ایوریج عمر 27.3 ہے، اس کمی کی بڑی وجہ 19 سالہ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین ہیں، افغانستان 27.4 اوسط عمر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
سری لنکا کے کھلاڑیوں کی ایوریج عمر سب سے زیادہ 29.9 ہے جس میں مالنگا کی صورت میں ایک 35 سالہ کھلاڑی بھی موجود ہے۔ جنوبی افریقہ اور میزبان انگلینڈ اس لحاظ سے تھوڑا نیچے 29.5 اوسط عمر کے ساتھ موجود ہیں، پروٹیز دستے میں 40 سالہ لیگ اسپنر عمران طاہر موجود ہیں۔
سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی بھارتی ٹیم میں ہیں، جنھوں نے مشترکہ طور پر 1573 ون ڈے میچز کھیلے ہیں، سینئر کھلاڑی دھونی341 ایک روزہ میچز میں حصہ لے چکے۔اس کے بعد بنگلہ دیش کا نمبر ہے جس کے مشرفی ، مشفیق ، شکیب الحسن اور تمیم اقبال بالترتیب 205، 195، 201 اور 189 میچز کھیل چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 41 ون ڈے سنچریاں ویرات کوہلی نے جڑیں،ان کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی مجموعی ایک روزہ تھری فیگر اننگز کی تعداد 90 ہے۔
افغانستان اور سری لنکا کی جانب سے اس فارمیٹ میں سب سے کم 12، 12 سنچریاں سامنے آئی ہیں۔ ورلڈ کپ میں شریک موجودہ ٹیموں میں سب سے زیادہ 829 وکٹیں بنگلہ دیش اور 815 وکٹیں سری لنکا نے لی ہیں،آسٹریلیا کے موجودہ کھلاڑیوں کی مجموعی وکٹیں سب سے کم 495 ہیں۔