سحری میں 4 اور افطاری میں 5 گھنٹے مسلسل بجلی ملے گی، وفاقی وزیر توانائی

0
461

اسلام آباد:

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ سحری اور افطار میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

عمر ایوب نے چیئرمین نعمان وزیر کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بتایا کہ سحری کے اوقات میں رات 2 سے صبح 6 بجے تک، افطاری میں شام 6 سے رات 11 بجے تک لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ نماز تراویح کے دوران بھی بجلی بلا تعطل ملے گی،4 ماہ میں محصولات 51 ارب روپے بڑھ گئے، اس سال بجلی کی پیداوار اور کھپت یکساں ہے،2030 تک متبادل توانائی ذرائع سے 18 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، 80 فیصد بجلی پانی، متبادل توانائی، کوئلہ اور نیوکلیئر ذرائع سے ملے گی، جس سے بجلی خاطر خواہ سستی آئے گی۔

 

مولا بخش چانڈیو نے لاکھڑا پاور پلانٹ کی بندش پر برہمی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ کب سے کہہ رہا ہوں اسے چلانے کیلیے اقدامات کیے جائیں، سندھ میں بجلی ہے نہ پانی، گھنٹوں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اندرون سندھ سے لوگ شہروں میں ہجرت کر رہے ہیں۔

اس پر عمر ایوب نے کہا کہ 2 ماہ پہلے سیہون شریف میں کنڈا کلچرکے باعث 23 گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی، ہم نے کارروائی کی، اب وہاں بجلی چوری صفر ہے، حیدر آباد میں 400 پلازے ایسے پکڑے جو 500 میگاواٹ چوری کر رہے تھے، آئندہ سال متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کریں گے ، بجلی چوری والے فیڈرز کلیئر ہوں گے تو بجلی کی طلب میں اضافہ ہو گا، نئے پاور پلانٹس لگانا ہوں گے، بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کیلیے جبکہ بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here