یاسر حسین کی ارطغرل غازی کے اداکاروں کو ’’کچرا‘‘ کہنے کی وضاحت

0
368

کراچی: اداکار یاسرحسین نے ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے اداکاروں کو ’’کچرا‘‘ کہنے کی وضاحت کردی۔

دو روز قبل یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے اداکاروں ارطغرل اور تورگت الپ کے پاکستانی ہم شکلوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا ’’ان کو کوئی نہیں پوچھے گا کیوں کہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا ’کچرا‘ بھی مال برابر‘‘۔

 

اس کیپشن میں یاسر حسین نے بالواسطہ طور پر ترک اداکاروں کو ’’کچرے‘‘ سے تشبیہ دی تھی۔ یاسر حسین کے اس بیان پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے ان پر کڑی تنقید کی وہیں وی جے انوشے اشرف نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا آئیں ذرا یاسر حسین کو یاد دلائیں کہ کوئی بھی کسی کے لیے کچرا نہیں ہے اور اگر ان کا کام یاسر حسین کی پسند کے برابر نہیں ہے تو بھی دنیا بھر اداکاروں کا حترام کرنا ضروری ہے۔

 

انوشے اشرف کے اس تبصرے پر یاسر حسین نے انہیں جواب دیتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ ’’کیا میں نے اس بیان میں کہیں ’’ارطغرل‘‘ کا نام لیا؟ نہیں، بچپن سے جاپان کی استری، انڈیا کی ساڑھی، آسٹریلیا کی کٹلری کو اچھا سمجھتے ہوئے ہم نے اپنے مال کو ’’کچرا‘‘ سمجھا ہے۔ ہمیں اس ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ آج بھی پاکستانی نیشنل کی استری سب سے پائیدار ہے، وزیر آباد کی کٹلری کمال ہے، اور کمالیہ کی کھدر بے مثال ہے۔ مگر آپ نے ساری زندگی انگریزی بولی اور انگریزی گانے بجائے ہیں اپنے شو پر۔ آپ کو سمجھانا تھوڑا مشکل ہے۔‘‘

 

یاسر حسین نے مزید کہا ’’میری ہر بات کو ترکش ڈرامے کی کاسٹ سے مت جوڑیں، میں اداکاروں کی بہت عزت کرتا ہوں آپ سب سے زیادہ۔ باتوں کو گھما کے خبریں مت بنائیں۔ مہربانی کرکے اچھا کونٹینٹ تخلیق کریں، میرے علاوہ بھی دنیا میں بہت کچھ اور ہے۔ مجھے نظر انداز کریں۔‘‘

واضح رہے کہ ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اردو میں ڈب کرکے پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر دکھایا جارہا ہے۔ اس ڈرامے نے پاکستانیوں کے دلوں کو جیت لیا ہے۔ تاہم یاسر حسین سمیت شوبز کے کچھ فنکار شروع سے اس ڈرامے کے مخالف ہیں اور ترک فنکاروں کے پاکستانی اشتہارات میں کام کرنے پر کئی بار اپنے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here