چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق مدد نہیں کررہا سندھ کے حقوق كیلئے لڑوں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میرپورخاص ریجن کے بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ بارش متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران جھڈو میں روشن آباد کے مقام پر ایل بی او ڈی سیم نالے کا معائنہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2011 میں جب اسی طرح کا سیلاب آیا تھا اس وقت وفاق اور صوبے میں پی پی کی حکومت تھی، ہم نے وطن کارڈ اور متاثرین کی بھرپور مدد اور بحالی کا کام کیا تھا جب کہ وفاق سندھ کی مدد نہیں کررہا ہے، سندھ كے حقوق اور بارش متاثرین كی امداد كیلئے وفاق سے لڑوں گا۔
خطاب کے بعد بلاول بھٹوزرداری، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر صوبائی وزراء کے ہمراہ نوکوٹ قلعہ میں ٹینٹ ریلیف کیمپ پہنچے جہاں بارش متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے مسائل معلوم کیے۔ اس موقع پر متاثرین نے فلک شگاف نعرے لگا کر بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کے عوام نے محترمہ بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا جس کا مجھے احساس ہے اس لیے میں آج آپ کے پاس آیا ہو۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے میرکی لانڈھی کا چھیلو موڑ پر بارش متاثرین کے ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور مختصر خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت اس مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ دوبارہ وفاقی حکومت بناسکیں۔
اس سے پہلے بلاول بھٹو نے ڈگری پہنچ کر سابق ایم پی اے میرحیات خان تالپور کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت بھی کی۔ دورے کے دوران بلاول بھٹو کا جگہ جگہ کارکنوں نے والہانہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔