کراچی:
اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ عورت کا معاشرے میں برابر کا حصہ ہے، عورت کو پیر کی جوتی سمجھ لینا اب ناممکن ہے۔
موٹروے زیادتی کیس کے خلاف شوبز سے وابستہ شخصیات بھی پیش پیش رہی ہیں اور مختلف فنکار اس حوالے سے اپنے خیالات سے قوم کو آگاہ کرچکے ہیں، ادکارہ نیلم منیر نے وزیراعظم عمران خان سے عدالتی اصلاحات کا مطالبہ کیا تو بشری انصاری نے ایسے مجرمان کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کی بات کی۔
اس حوالے سے کراچی پریس کلب میں احتجاج کے دوران اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ یہ حیوانیت نہیں درندگی ہے، انسانیت کا کردار نظر نہیں آرہا، بحیثیت مرد میں شرمندہ ہوں، اکیلی عورت ذمہ داری ہوتی ہے، اس درندگی کے بعد جوعورتیں انصاف کا مطالبہ کرتی ہیں، انہیں سلام پیش کرتا ہوں، عورت مظلوم نہیں مضبوط ہے۔