اسلام آباد:
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ چوری کے مقدموں میں نامزد آج قوم کو بھاشن دے رہے ہیں، یہ اپنی ایسی حکومتیں چلا چکے ہیں جنہوں نے عوام دشنی کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ڈھٹائی سے جھوٹ بولتی ہے، ایسا بیانیہ دیا جاتا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، یہ لوگ ایسی باتیں کرکے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کچھ لوگ آج عوام کی مفاد کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں، مہنگائی کی بات کرنے والے بتائیں جب انہوں نے اقتدار چھوڑا تو معیشت کی حالت کیا تھی، یہ اپنی ایسی حکومتیں چلا چکے ہیں جنہوں نے عوام دشنی کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خود کو کاروباری اور ملک کی خیر خواہ کہتی ہے، اور اقتدار کو اپنا خاندانی حق سمجھتی ہے، اس نے کرپشن، لوٹ مار اور عوام کی جیبیں کاٹنے کے سوا ملک کیلئے کچھ نہیں کیا، ان کے بہت سے لوگ موٹرسائیکل پر آئے تھے جو آج کروڑ پتی ہیں، شاہد خاقان عباسی نے اپنی ائیرلائن چلا لی اور پی آئی اے کا بیڑہ غرق کردیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو مصنوعی سطح پر رکھا، ڈالر کی قیمت مستحکم رکھنے کیلئے اسٹیٹ بینک کے 23 ارب ڈالر خرچ کردیئے، اور پھر انہیں شاہد خاقان عباسی نے اپنے جہاز میں چھپا کر بیرون ملک فرارکیا، ان کے دور میں ایکسپورٹس میں ایک فیصد بھی اضافہ نہ ہوا، ملکی صنعتیں باہر منتقل ہوگئیں، نئی صنعتیں نہ لگنے سے درآمدات میں اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں چھوڑیں، جب حکومت میں آئے تو درآمدات اور برآمدات میں 20 ارب ڈالر سے زائد کا فرق تھا، ہم 20 ارب کے خسارے کو مثبت رقم پر لے کر آئے، ہدف سے زائد ٹیکسز اکھٹے کئے، اب ہمارا خسارہ 8 ارب ڈالر ہو گیا ہے، ہم نے زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 ارب ڈالر اضافہ کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کا خیال تھا کہ کورونا کے باعث پی ٹی آئی کی حکومت چلی جائے گی لیکن کورونا وبا میں پاکستان کی صورتحال دیگر ممالک سے بہتر رہی، بجلی مہنگی ہونے کی وجہ (ن) لیگی حکومت کے مہنگے معاہدے ہیں، یہ ہر معاہدے میں اپنا کمیشن رکھتے تھے، ہم ان کے کمیشن کے پیسے ادا کر رہے ہیں، پیٹرول کی قیمت ہمارے کنٹرول میں نہیں ہوتی، پیٹرول سے متعلق عالمی قیمتوں کو دیکھ کر فیصلہ کیا جاتا ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے اپنے دور حکومت میں ملک کو اپنی جاگیر سمجھا ہوا تھا، اور ذاتی مفادات کیلئے ہر طرح کے فائدے اٹھائے، چوری کے مقدموں میں نامزد آج قوم کو بھاشن دے رہے ہیں، چوری کے ذریعے حاصل کی گئی دولت کو تحفظ دینے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے قوم کے مستقبل کو گروی رکھ دیا، نیب اپوزیشن کے پیچھے اس لئے ہے کیوں کہ انہوں نے کرپشن کی۔