میڈیا رائٹس؛ معاہدہ ختم ہونے پرفریقین نے قانونی راہ اپنالی

0
79

کراچی:

پی ایس ایل کا انٹرنیشنل میڈیا رائٹس معاہدہ ختم ہونے پرفریقین نے قانونی راہ اپنالی جب کہ ٹیک فرنٹ نے عبوری ریلیف کیلیے اسٹے مانگ لیا۔

2019 سے2021 تک پی ایس ایل کے بیرون ملک میڈیا رائٹس ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے، پی سی بی نے واجبات کی عدم ادائیگی سمیت متعدد  بار معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں پر گذشتہ ماہ مذکورہ کمپنی سے راستے جدا کر لیے۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیک فرنٹ نے اب قانونی راہ اختیار کرتے ہوئے لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربیٹریشن سے رجوع کرتے ہوئے عبوری ریلیف کیلیے اسٹے مانگا ہے، کیس سماعت کیلیے منظور ہو گیا اور تاریخ کا جلد اعلان ہوگا۔

 

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی  کے ترجمان نے کہا کہ ٹیک فرنٹ سے معاہدے میں یہ شامل تھا کہ خاتمے پرنقصان کی تلافی کیلیے ہم آربیٹریشن میں جا سکتے ہیں، بورڈ نے ایسا ہی کیا،اس پر عارضی ریلیف کیلیے  مذکورہ کمپنی نے بھی یہی راہ اختیار کی، دونوں کیسز لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربیٹریشن میں ہیں۔ ان کی سماعت پاکستان میں ہی ہوگی۔

اس سوال پر کہ پانچویں ایڈیشن کے باقی میچز کیلیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کس کے پاس ہوں گے؟ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی نشریات کے لیے متعلقہ براڈکاسٹرز اور مختلف سب لائسنسی سے رابطے جاری ہیں۔ جلد کوئی فیصلہ ہو جائے گا جس کے بعد میڈیا کو آگاہ کر دیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پی سی بی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل2021 کے لیے ایک مربوط میڈیا رائٹس اسٹریٹیجی تیار کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے، البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔

مذکورہ میڈیا پارٹنر نے ہی پانچویں ایڈیشن کے لائیو اسٹریمنگ رائٹس جوئے کی کمپنی کوفروخت کیے تھے،کئی ماہ بعد بورڈ نے معافی قبول کرتے ہوئے کوئی ایکشن نہ لینے کا اعلان کیا تھا مگر واجبات کی عدم ادائیگی پر صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here