کراچی:
محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا جاری کردہ نوٹیفیکشن واپس لے لیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے تیس روز کے لئے کراچی ڈویژن میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سفارش پر اتوار کی دوپہر دو بجے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر ایک ماہ کیلئے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ یہ پابندی کراچی میں بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال کے پیش نظر عائد کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی حکام کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا حکم نامہ واپس لینے اور نظر ثانی شدہ حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حکام کی ہدایت کے بعد محکمہ داخلہ کے حکام کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا اور دوسرے اجلاس میں فیصلے پر نظر ثانی کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ سے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اور وفاق المدرس العربیہ پاکستان کے مرکزی عہدے دار مولانا عادل ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد شہر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔