سب اچھا ہے!!!

0
179
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

مفتی عبدالرحمن قمر،نیویارک

کسی زمانے میں بادشاہ وقت نے سوچا کہ معلومات کروں میری مملکت میں کیا ہو رہا ہے۔اس نے لمبی چوڑی کابینہ کو طلب کیااور پوچھا بتاﺅ ملک میں کیا چل رہا ہے عوام الناس کا کیا حال ہے سب وزراءنے سب اچھا کی رپورٹ دی۔بادشاہ سلامت آپ کا اقبال بہت بلند ہے۔آپ چین کی نیند سوئیں۔وزیراعظم ایک نیک اور در مند انسان تھا اس نے کہا بادشاہ سلامت یہ سب وزیر ہیں ان کے گھروں کے چولہے جل رہے ہیں خانسامے باورچی کھانا بنا رہے ہیں سودا سلف لا رہے ہیں۔ان کو کچھ معلوم نہیں عوام الناس کا کیا حال ہے ان کو پکی پکائی روٹی مل جاتی ہے۔اس لئے بن جانے یہ رپورٹ دے رہے ہیں سب اچھا ہے بادشاہ سلامت جس کو پکی پکائی مل جائے وہ کیا جانے عوام کس چکی میں پس رہے ہیں اتنے لوگ بتا رہے ہیں میں اکیلے کیسے تیری بات مان لوں۔وزیراعظم نے کہا بادشاہ سلامت آج رات کو لباس بدل کر میرے ساتھ چلئے میں آپ کو ثابت کردیتا ہوں کہ اگر مجھے روٹی مل رہی ہے تو سب کے گھروں میں روٹی پک رہی ہے۔چنانچہ رات کو وزیراعظم ایک حجام کے جھونپڑے کے پاس سے گزرے حجام کو باہر بلایا پوچھا بتاﺅ سب اچھا ہے اس نے کہا جناب بلے بلے سب گھروں میں کچھ نہ کچھ ہے۔اس لئے سب خوش باش ہیں چونکہ میں خوش ہوں۔میرے پاس پس خوردہ رقم دس دینار ہیں۔کل کی فکر نہیں وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا واپس آگئے دو روز کے بعد وزیراعظم نے حجام کے جھونپڑے سے دس دینار چوری کروا دیئے۔ایک ہفتے کے بعد دوبارہ بادشاہ سلامت کو لیکر حجام کے جھونپڑے کے پاس پہنچ کر حجام کو بلایااور پوچھا ہاں بھٹی سناﺅ کیسی گزر رہی ہے۔کہنے لگا کیا خاک گزر رہی ہے۔بادشاہ نکما اس کے وزیر اس سے زیادہ نکمے جو شیشوں کے گھروں میں بیٹھ کر ہم غریبوں کے شب و روز تک جانثاگوارا نہیں کرتے۔مر گئے لٹے گئے، جھونپڑیاں خالی ہوگئیں جان کے لالے پڑ گئے ہیں۔دونوں سلام لے کر واپس لوٹے بادشاہ نے پوچھا ایک ہفتہ میں اتنا انقلاب وزیراعظم نے کہا پچھلے ہفتے اس کے پاس دینار تھے وہ مطمئن تھا۔وہ میں نے چوری کرا لئے ہیں اس کی جھونپڑی خالی ہوگئی اب اسے احساس ہوا ہے کہ سب جھونپڑیاں خالی پڑی ہے۔بادشاہ سلامت ان وزیروں کی سب اچھا والی رپورٹ کو پس پشت ڈالیے۔میرے ساتھ نکلئے تاکہ لوگوں کے صحیح حالات جان کر ان کے لئے کچھ نہ کچھ کریں۔ہم امریکہ میں رہتے ہیں ہماری وابستگی کسی نہ کسی راہنما سے ہے چونکہ ہمارے گھر میں آٹا دانہ ہے ہم یہاں سے سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ہم کیا جانیں کہ پاکستان میں آٹے کے حصول کے لئے لمبی لمبی لائنیں ہیں۔سبزیاں دال گوشت، آسمان کو چھو رہے ہیں غریب آدمی کی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں ہم امریکی کہہ رہے ہیں سب اچھا ہے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here