ہوا گندی، انڈیا آلودگی کا ذمہ دار:ٹرمپ، آخری صدارتی مباحثہ میں بائیڈن کا پلڑا بھاری

0
126

90 منٹ کے مباحثے میں ٹرمپ دفاعی پوزیشن میں رہے ، نسل پرستی ، موسمیاتی تبدیلیوں ، خاندانوں کی فلاح و بہبود کے موضوعات پر بحث کی گئی

واشنگٹن(پاکستان نیوز ) صدارتی امیدواروں میں آخری مباحثہ ہوگیا، صدر ٹرمپ اپنے حریف بائیڈن کے سامنے دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ، 90 منٹ کے مباحثے کی میزبانی این بی سی نیوز چینل کی صحافی کرسٹن ویلکر نے کی ، دوسرے اور آخری مباحثہ میں کورونا وائرس ، قومی سلامتی، امریکی خاندانوں کی فلاح و بہبود ، نسل پرستی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے موضوعات پر بحث کی گئی ، منجھے ہوئے سیاستدان جو بائیڈن نے شاطر ٹرمپ کو گھیرے رکھا ، صدر ٹرمپ نے مباحثے کے دوران بتایا کہ چین کو دیکھیں یہ کتنا گندا ہے ، روس کو دیکھیں، انڈیا کو دیکھیں یہ گندا ہے ،ہوا گندی ہے ، میں پیرس معاہدے سے باہر نکلا ہوں کیونکہ ہمیں کھربوں ڈالر نکالنے تھے اور ہم سے بہت ناانصافی ہوئی۔ جو بائیڈن نے الزام لگایا ٹرمپ دیانتدار نہیں ، اسی لئے وہ اپنے ٹیکس ریٹرن عام نہیں کر رہے ، ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ مناسب وقت پر ایسا کرینگے ، دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کیے رکھی ، ٹرمپ نے کہا کہ چین سے آنے والے کورونا وائرس سے 22 لاکھ امریکیوں کی ہلاکتوں کا خدشہ تھا لیکن ہماری بہترین حکمت عملی کی وجہ سے اب یہ وبا کم ہوتی جا رہی ہے ،اسکو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ، میری حکومت کی کوشش ہے کورونا کے بچاؤ کی ویکسین اس سال کے آخر تک مارکیٹ میں آجائے ، جو بائیڈن نے امریکہ میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 20 ہزار امریکیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار صدر ٹرمپ کو قرار دیا اور کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے شروع سے لیکر اب تک کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ،خدشہ ہے کورونا مزید دو لاکھ امریکیوں کی جانوں کو نگل لے گا ، اگر میں امریکی صدر بنا تو ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ کرونگا، ٹرمپ نے کہا ہمیں کورونا کے ساتھ جینا ہو گا ، جو بائیڈن نے کہا ہم کورونا کے ساتھ جینا نہیں بلکہ مرنا سیکھ رہے ہیں ، موسم سرما انتہائی تباہ کن ہو گا ، کئی قیمتی جانیں جا سکتی ہیں ، ٹرمپ نے حریف پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ انہیں روس نے ساڑھے تین ملین ڈالر دئیے ، ای میلز سے ثابت ہے کہ روسی صدر جو بائیڈن کو خطیر رقم دے رہا ہے ، جو بائیڈن نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ٹرمپ خود ایک کرپٹ شخص ہے ، میں نے روس یا چین سے کوئی رقم نہیں لی، چین سے جس نے رقم لی ہے تو اسکا نام ٹرمپ ہے جو امریکی ساکھ اور روایات کو برباد کرنے پر تْلا ہوا ہے ، ٹرمپ نے اپنے کاروبار کو دوام بخشنے کے لئے چین کے بنکوں سے لین دین کیا ، ٹرمپ نے ایک بار پھر روس، چین اور بھارت کو فضائی آلودگی کا ذمہ دار قرار دیا ، ٹرمپ نے کہا بائیڈن جیتے تو سٹاک مارکیٹ بیٹھ جائیں گے ، بائیڈن نے سیاہ فاموں کو سپر شکاری کہا تھا، بائیڈن کے بھائی نے عراق سے کئی ملین ڈالر بنائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلے مباحثہ میں ٹرمپ کی پوزیشن قدرے بہتر تھی ، لیکن آخری میلہ جو بائیڈن نے لوٹ لیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here