مسلم ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم زور پکڑ گئی،فرانس کی منتیں

0
117

 

اردن، کویت، قطر، مصر، ترکی اور لیبیا سمیت متعدد مسلم ملکوں میں لوگوں نے فرانسیسی اشیا کا اجتماعی بائیکاٹ کر دیا ،سپر سٹورز نے بھی مصنوعات کا ہٹا دیا

پیرس،انقرہ ( پاکستان نیوز) فرانسیسی صدر میکغوں کی جانب سے اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کیخلاف مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیا کا بائیکاٹ کرنے کی مہم میں تیزی آ رہی ہے جس سے پریشان ہو کر فرانس بائیکاٹ نہ کرنے کی اپیلیں کر رہا ہے۔ اردن، کویت، قطر، مصر، ترکی اور لیبیا سمیت متعدد مسلم ملکوں میں لوگوں نے فرانسیسی اشیا کا اجتماعی بائیکاٹ کر دیا ہے جبکہ کئی ممالک میں سپر سٹورز نے ان مصنوعات کو ہٹا دیا ہے۔فرانسیسی وزارت خارجہ نے مذکورہ ممالک پر زور بھی دیا ہے کہ وہ مصنوعات کا بائیکاٹ نہ کریں اور اس مہم کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔دریں اثنا فلسطین، لیبیا،عراق اور ترکی میں عوام نے جگہ جگہ سڑکوں پر نکل کر فرانسیسی صدر کیخلاف مظاہرے کئے ،مظاہرین نے میکغوں کیخلاف نعرے لگائے اور انکے پوسٹرز بھی نذر آتش کئے۔ علاوہ ازیں ترک صدر اردوان نے اتوار کو دوبارہ فرانسیسی صدر میکغوں کو ذہنی معائنہ اور علاج کرانے کا کہہ دیا۔ صدر اردوان نے ٹی وی پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ صدر میکغوں کے حواس پر دن رات اردوان سوار ہے ، انہوں نے کروڑوں لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ، وہ ایک مریض اور انہیں ذہنی معائنہ کرانا چاہئے۔یورپی یونین کے خارجہ امور کے وزیر جوزف بوریل نے ترک صدر کے ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here