کراچی:
بھارتی فلم میں جنون بینڈ کا مشہور گیت ’’سیونی‘‘ کاپی کرنے پر سلمان احمد کا بیان سامنے آگیا۔
90 کی دہائی کے پاکستان کے مقبول ترین بینڈ ’’جنون‘‘کا گایا ہوا مشہور گیت سیونی آج بھی ہر کسی کا پسندیدہ گیت سمجھا جاتا ہے، یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اس گیت کا طرز اور اسے جس انداز سے گایا گیا اُس کا کوئی ثانی نہیں۔ اس گیت کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے نہ صرف بیرون ملک میں گوروں نے گایا بلکہ بھارت کے کئی گلوکاروں نے بھی اسے اپنے انداز میں گانے کی کوشش کی۔
اس گیت کو ایک بار پھر ارجیت سنگھ کی آواز میں بھارتی فلم سیونی‘ میں شامل کیا گیا ہے لیکن جس طرح انہوں نے ماضی کے اس مشہور گیت کا حال کیا، اس پر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی بھی احتجاج کر ر ہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر نئے انداز سے پیش کئے جانے والے گیت پر لعن طعن کی جارہی ہے۔
اپنے ہی گانے کی بگاڑ پر علی عظمت خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں یہاں تک کہ انہوں نے اپنے آفیشل اکاونٹ پر بنا کوئی تنقید کیے صرف اصل گیت کی ویڈیو شیئر کی ہے تاہم ان کے ساتھی سلمان احمد خاموش نہ رہے۔
سلمان احمد نے اپنی ٹوئٹ میں تنقید سے گریز کرتے ہوئے سیونی گیت کی اصل ویڈیو کا لنک شیئر کیا اور لکھا کہ جب میں کالج میں ہوا کرتا تھا تو کیمپس میں ہر کسی کی زبان پر مغریبی یا بالی ووڈ کی موسیقی ہوتی تھی لیکن اب تبدیلی آگئی ہے۔ اب بالی ووڈ میں ’’جنون‘‘ کے گیت گائے جا رہے ہیں۔
سلمان احمد نے یہ بھی کہا کہ ہمارا گیت ’سیونی‘ اب تک برصغیر میں کئی مختلف انداز کے ساتھ کاپی کرکے گائے جانے والا گیت ہے۔
واضح رہے کہ صوفی راک بینڈ جنون کی جانب سے 1997 میں ریلیز کئے جانے والا گیت سیونی کو علی عظمت نے گایا تھا جب کہ اس گیت کی شاعری بینڈ کے مرکزی گٹارسٹ سلمان احمد اور صابر ظفر نے لکھی تھی۔