کراچی:
پاکستانی گلوکار اور پی ٹی آئی کے رکن سلمان احمد نے 90 کی دہائی کے مقبول ترین گانے ’’سیونی‘‘ کے ری میک پر شدید تنقید کے باوجود بھارتی گلوکار کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارجیت سنگھ اس گانے کو گزشتہ کئی برسوں سے گانا چاہتے تھے۔
حال ہی میں بھارتی میوز ک کمپنی ٹی سیریز کی جانب سے پاکستانی راک بینڈ ’’جنون‘‘ کے البم ’’آزادی‘‘ کے 90 کی دہائی کے مقبول ترین گانے ’’سیونی‘‘ کا ری میک بنانے پر پاکستانیوں سمیت بھارتی بھی شدید غصے میں ہیں۔ ’’سیونی‘‘کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں ’’سیونی‘‘ کا نہایت خراب ری میک بنایا گیا ہے۔
اوریجنل گانے کو علی عظمت نے گایا تھا اور سلمان احمد نے اس گانے کے بول لکھے تھے اور اسے کمپوز بھی کیا تھا۔ تاہم ’’سیونی‘‘کے ری میک کو بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے۔ جب کہ میوزک کمپنی ٹی سیریز نے یوٹیوب پر سلمان احمد اور جنون بینڈ کو گانے کا کریڈٹ بھی دیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ بالی ووڈ میں سلمان احمد کی اجازت سے اس گانے کا ری میک بنایا گیا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق حال ہی میں سلمان احمد نے اینکر مبشر لقمان کے آن لائن شو میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں نے یہ گانا 1998 میں کمپوز کیا تھا 22 سال گزرنے کے باوجود یہ گانا آج بھی ہٹ ہے۔ انہوں نے کہا اپنے بننے سے لے کر آج تک یہ گانا کئی بار دوبارہ (نئے سرے سے تیار کرکے) گایا جا چکا ہے اور یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کسی نے مجھ سے اس گانے کو دوبارہ بنانے (ری میک) کرنے کے لیے اجازت مانگی ہو۔
سلمان احمد نے مزید کہا بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ گزشتہ کئی برسوں سے مجھ سے ’’سیونی‘‘ گانے کا لائسنس مانگ رہے تھے۔ وہ پہلے بھی کئی بار مختلف کنسرٹس میں یہ گانا گاچکے ہیں۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا بالی ووڈ اس گانے کا ری میک بنانا چاہتا ہے جس پر میں نے کہا میری دو شرطیں ہیں پہلی یہ کہ کسی بھی کمیونٹی کے جذبات مجروح نہیں ہونے چاہئیں اور دوسری اس میں محبت کا پیغام دیا جانا چاہیئے جس پر وہ مان گئے اور یہ آج سے تین، چار سال پہلے کی بات ہے۔
اس کے بعد اچانک ایک ہفتہ قبل ان کا پیغام آیا کہ وہ ’’سیونی‘‘ گانے کا ٹریلر ریلیز کررہے ہیں حالانکہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے حالات کشیدہ ہیں لیکن میں نے سوچا کوئی بات نہیں آنے دو۔ سلمان احمد نے کہا اس گانے کو دوبارہ بناکر ریلیز کرنا بالی ووڈ کی طرف سے جنون بینڈ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی میوزک کمپنی ٹی سیریز نے ’’سیونی‘‘ گانے کو اپنی فلم کے لیے دوبارہ ری کری ایٹ کیا ہے۔ فلم کا نام بھی ’’سیونی‘‘ ہی ہے۔ اس بار ارجیت سنگھ نے اسے اپنی آواز دی ہے، لکی ناڈیا والا نے اس گانے کو پروڈیوس کیاہے۔ جب کہ نتن کمار گپتا اور ابھے سنگھال نے اس گانے کی ہدایات دی ہیں۔