فرعون کا انجام !!!

0
238
مجیب ایس لودھی

 

مجیب ایس لودھی، نیویارک

زندگی اور موت مسلمہ حقیقت ہے جس سے کوئی شخص انکار نہیں کر سکتا ہے ، قرآن پاک کی آیت ہے کہ” کل نفس زائقة الموت“ کہ ہر انسان کو موت کا مزہ چکھنا ہے ، اللہ تعالیٰ نے دنیا کی آدم سے جب ابتدا کی تو اس دور سے آج کے دور اور رہتی دنیا تک سب کو معلوم ہے کہ جو بھی اس دنیا میں آیا اُسے کبھی بھی اس دنیا سے جانا ہے ، خواہ وہ امیر ہے یا غریب ، عالم ہے یا جاہل ، حاکم ہے یا مزدور ، طاقتور ہے یا کمزور ، سب کو دنیا ایک دن چھوڑنی ہے لیکن اس کے باوجود عقل پر ایسا پردہ پڑا ہوتا ہے کہ ہر کوئی دوسرے پر حاوی ہونا چاہتا ہے اور سمجھتا ہے کہ وہ سب کچھ ہے ، دنیا کی واحد سپر طاقت امریکی سرکار ہے اور اس کے حاکم کے سامنے سب لاچار ہیں لیکن 2016میں امریکیوں کو ایسا حاکم ڈونلڈ ٹرمپ کی صورت میں ملا جسے امریکی وائٹ سپر میسی نے اپنا نجات کا ذریعہ سمجھا اور امریکہ کو بہتر بنانے کا نعرہ دیا لیکن صدر ٹرمپ کا لہجہ دیکھ کر ایسا لگا کہ اس شخص میں انسانیت نام کے احساس کی کوئی بات نہیں ، اس نے آتے ہی مذہب اسلام کے ماننے والوں پھر میکسیکو کے محنتی مزدوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کر کے انہیں امریکی سرزمین سے بے دخل کیا اور تمام امیگرنٹ کو اچھوت کی نظر سے دیکھا ، اس کی بدنصیبی کا اُس وقت آغاز ہوا جب اس نے امریکہ اور دنیا کے سب سے بڑے میڈیا ”فیک نیوز“ سے پنگا لینا شروع کیا ، ٹرمپ نے اپنی پارٹی کے اہم لوگوں کو حقارت کی نظر سے دیکھا ،غرض جو بھی اس کے آگے آتا وہ اسے کچلتا چلا جاتا ، ٹرمپ ہی وہ واحد صدر ہیں جنھوں نے امریکہ کے دنیا بھر میں طاقتور ترین سمجھے جانے والے خفیہ ادارے سی آئی اے کو کہا کہ آپ لوگ ایران کے معاملے میں بہت سادہ ہیں مجھے ایران کے متعلق آپ لوگوں سے زیادہ معلومات ہیں اور پھر شمالی کوریا کے مسئلے کو ٹرمپ نے شخصی بنیاد پر اپنی من مانی کرتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کی اور اس میں پینٹا گون سمیت کسی ادارے کی کوئی تجویز شامل نہیں تھی ، ایسے ہی ایران کے معاملے میں بھی ہوا ٹرمپ نے یکطرفہ طور پر ایران کے خلاف جارحیت اور ایٹمی معاہدے کو مسترد کر دیا ، یہاں تک کہ اپنی حکومتی سیکرٹ ایجنسی ایف بی آئی کے سربراہ بارے الیکشن سے ایک ہفتہ قبل بیان دیا کہ آنے والے الیکشن کے جیتنے کے بعد پہلا کام میں ایف بی آئی کے سربراہ کو فارغ کروںگا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ کس طرح راتوں رات امریکی الیکشن کا نقشہ بدلا وہ فرعون جو کہتا تھا کہ مجھے کوئی ہٹا نہیں سکتا ، آج انصاف کی بھیک عدالتوں میں مانگ رہا ہے ، اسے کہتے ہیں تکبر کا سر نیچہ ہوتا ہے جسے ٹرمپ Sleeping Joeکہتاتھا اس نے ٹرمپ کو شکست دے کر دنیا کو حیران کر دیا ہے ، پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے کہ ہماری مسلم کمیونٹی نے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور 70 فیصد کمیونٹی نے بائیڈن کو ووٹ نہ صرف دیا بلکہ 50 سے زائد مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ، ان امیدواروں کی زیادہ تر تعداد بہت نچلے عہدوں کی ہے لیکن مسلم اُمہ کی پیش قدمی اچھی ابتدا ہے ، اس کامیابی سے مستقبل کی جنریشن کے روشن مستقبل کے امید کی کرن صاف نظر آتی ہے ، بے شک ابھی منزل بہت دور ہے لیکن ابتدااچھی ہے ، اس کامیابی کا کریڈٹ پاکستانیوں کے نام ہے کیونکہ میری معلومات کے مطابق ہر چھوٹے بڑے شہر میں مسلم کمیونٹی اور خاص طور پر پاکستانی کمیونٹی انتہائی متحرک نظر آئی ، نیویارک میں ڈاکٹر اعجاز کی APPACکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے الیکشن سے قبل اپنی رہائش گاہ پر کئی امیدواروں کیلئے فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا ، ان کی پوری ٹیم جس میں اطہر ترمذی ، چودھری اسد ، ڈاکٹر محمود عالم اور عدنان بخاری نے انتھک محنت کرکے اپنے تمام امیدواروں کو کامیاب کروایا اور پاکستانی میڈیا کے ذریعہ لوگوں کو ووٹ کیلئے باہر نکلنے پر مجبور کیا ، ٹرمپ کی تکبرانہ سوچ کو دیکھتے ہوئے ہم سب کو سبق ملتا ہے کہ حق وسچ کی ہی جیت اللہ تعالیٰ کے قانون کا حصہ ہے صرف نیت اور لگن کا سچا ہونا ضروری ہے ۔ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو ختم ہو جاتا ہے ،ایسا ہی نتیجہ ٹرمپ کے اقلیتوں اور مسلم ممالک کے خلاف ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے سامنے آیا ہے جس کو پوری دنیا نے دیکھا ۔
٭٭٭


 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here