کرائسٹ چرچ:
نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کا ٹاپ بیٹنگ آرڈر ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، شان مسعود اور عابد علی پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے آغاز کے لیے میدان میں اترے تو شان مسعود گزشتہ روایت کو نہ توڑتے ہوئے اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ پر عابد علی اور اظہر علی نے 62رنز کی شراکت قائم کی، عابد علی بھی 25 رنز بنا کر واپس گئے۔
اظہر علی کا ساتھ نبھانے حارث سہیل آئے لیکن وہ بھی صرف ایک ہی رن بناسکے، جس کے بعد گزشتہ میچ میں پاکستان کی لاج رکھنے والے فواد عالم آئے لیکن وہ بھی صرف 2 رنز ہی بناسکے۔ 83 رنز پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں، ایسے وقت پر کپتان محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے۔ انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر 88 رنز کی شراکت قائم کی جس میں رضوان کا حصہ 61 رنز کا تھا۔
رضوان کے بعد فہیم اشرف نے اظہر علی کے ساتھ پاکستان کو اسکور کو آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا اور چائے کے وقفے تک اسکور کو 218 رنز تک پہنچادیا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔