شاہی قلعہ بفرزون اور 2 قدیم دروازوں کی بحالی کی لاگت میں 65 کروڑ روپے کا اضافہ

0
112

لاہور:

شہر کے 2 قدیم دروازوں ٹکسالی اور بھاٹی کی بحالی جب کہ شاہی قلعہ کے گرد بفرزون کے منصوبے کی لاگت میں 65 کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

شاہی قلعہ کے گرد بفرزون اور لاہور کے دو قدیم دروازوں جن میں بھاٹی اور ٹکسالی گیٹ شامل ہیں ان کی بحالی اورآرائش وتزئین کے منصوبے کاتخمینہ 3 ارب 65 کروڑ روپے لگایا گیا تھا تاہم اب اس میں مزید 65 کروڑ روپے اضافہ کیا گیا ہے۔اس میں 45 کروڑ روپے ٹیکس کی رقم ہے جبکہ 20 کروڑ روپے سے اندرون شہر میں ایک قدیم حویلی خریدی جائے گی جوکہ نجی ملکیت میں ہے۔ یہ ٹیکس کی رقم ہوگی جس سے منصوبہ کی مجموعی لاگت 4 ارب 30 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی فرنچ حکومت کے تعاون سے شاہی قلعہ کی بحالی اور اطراف میں بفرزون بنارہی ہے جس پرکام جاری ہے۔ منصوبے کے لئے 3 ارب 60 کروڑ روپے کا آسان قرض فرنچ حکومت نے فراہم کرنا ہے جبکہ پانچ کروڑ روپے پنجاب حکومت کی طرف سے دیئے جائیں گے تاہم اب اس میں 45 کروڑ روپے ٹیکس شامل ہونے اور20 کروڑ روپے کی پرانی حویلی خریدنے کے باعث پنجاب حکومت کو 65 کروڑ روپے اداکرناپڑیں گے۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق منصوبہ کی اصل لاگت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، حکومت کی طرف سے عائدٹیکس کی رقم شامل کی گئی ہے اور یہ رقم واپس حکومتی خزانے میں آجائے گی جب کہ قدیم تاریخی حویلی جو نجی پراپرٹی تھی وہ بھی حکومت کی ملیکت میں آجائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here