آسٹریلوی شائقین نے سراج کی ناک میں دم کردیا

0
85

سڈنی:

نشے میں دھت آسٹریلوی تماشائیوں نے سراج کی ناک میں دم کردیا، سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز 6 افراد کو بدزبانی اور نسلی جملے کسنے پر گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا، چوتھے دن کا کھیل 10 منٹ تک رکا رہا، آئی سی سی نے معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلوی تماشائیوں کے خراب رویے اور خاص طور پر بھارتی کرکٹر محمد سراج کیخلاف نسلی بدزبانی کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔ ہفتے کو جسپریت بمرا اور محمد سراج کی جانب سے باؤنڈری پر فیلڈنگ کے دوران تماشائیوں کے خراب رویے کی شکایت پر بھارت نے باضابطہ طور پر امپائرز سے شکایت کردی تھی۔

اس پر آئی سی سی نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں تاہم چوتھے روز بھی یہ سلسلہ جاری رہا، باؤنڈری پر تعینات سراج ایک بار پھر اپنے خلاف کسے جانے والے بیہودہ جملوں پر بھاگتے ہوئے امپائر کی جانب آئے اور کراؤڈ کی جانب اشارہ کیا، جس پر میچ آفیشلز نے فوری طور پر سیکیورٹی اہلکاروں سے رابطہ کیا جنھوں نے سراج کی جانب سے نشاندہی پر اسٹینڈ میں موجود نشے میں دھت 6 افراد کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل سراج اور جسپریت کو کراؤڈ کی جانب سے نہ صرف بندر کہا گیا تھا بلکہ ان کو انتہائی غلیظ گالیاں بھی دی گئیں۔ ادھر آئی سی سی نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں کسی بھی صورت میں نسلی منافرت برداشت نہیں کی جاسکتی، جنھوں نے ایسا کیا ان کے خلاف کارروائی ہوگی، معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے،ان کی روشنی میں ہی میزبان بورڈ کے ساتھ مل کر کارروائی کی جائے گی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here