ٹوکیو:
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر جاپان ثالث کا کردار ادا کرے تو امریکا اپنے سخت حریف ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے پر راضی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے قریبی دوست جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تنازع کے حل کے لیے جاپان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ جاپانی وزیراعظم کے ایرانی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور امریکا سے بھی جاپان کے دیرینہ تعلقات ہیں، مجھے اپنے دوست شنزو آبے پر مکمل اعتماد ہے اور ایران بھی جاپان کی ثالثی میں مذاکرات کے لیے انکار نہیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران سے مذاکرات کا عندیہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران کی دھمکیوں کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے سمیت فائٹر طیارے اور 1500 امریکی فوجی تعینات کردیئے ہیں۔
قبل ازیں امریکا نے عالمی جوہری توانائی کے معاہدے سے دستبردار ہوتے ہوئے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں اور ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کا استثنیٰ ختم کردیا تھا جس کے بعد کئی ممالک نے ایران سے تیل کی درآمد ختم کردی تھی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ ان دنوں 4 روزہ سرکاری دورے پر جاپان پہنچے اور جاپان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ دورے دوران صدر ٹرمپ نے جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو سے بھی ملاقات کی اور اہلیہ میلانیا کے ہمراہ شاہی محل میں شہنشاہ کی جانب سے ضیافت میں شرکت کی۔