کراچی:
لاہور قلندرز پی ایس ایل 6 میں بھی دوبارہ دھمال ڈالنے کیلیے تیار ہیں کپتان سہیل اختر نے محمد حفیظ کو ٹیم کا ستون قرار دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بین ڈنک اور ڈیوڈ ویزا سمیت غیر ملکی کرکٹرز سے فتح گر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں،اس بار ٹائٹل کی پیاس بجھانے کی کوشش کریں گے، شاہین شاہ آفریدی پرکام کا بوجھ نظر میں ہے جہاں ضرورت محسوس ہوئی آرام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہاکہ ہمیں چھٹے ایڈیشن کیلیے بھی پی ایس ایل 5کھیلنے والے بیشتر کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، جہاں خلا نظر آرہا تھا اسے پْر کرتے ہوئے ٹیم کی قوت بڑھانے کی کوشش کی ہے،انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ ہمارے سب سے اہم کھلاڑی ہیں، میدان سے اندر اور بار ان کا تجربہ ہمارے لیے اثاثہ ہے،حفیظ کی رہنمائی سے نوجوان کرکٹرز کی بھی بڑی حوصلہ افزائی ہوتی ہے،سہیل اختر نے کہا کہ بین ڈنک، ڈیوڈ ویزا اور سمت پٹیل نے گذشتہ سیزن میں شاندار پرفارم کیا، اس بار بھی ان سے فتح گر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔
ہم مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے، ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ یا فرنچائز ٹورنامنٹ ہو غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل پیسر میدان میں ہوں تو پوری جان لڑاتے ہیں،شاہین پر کام کا بوجھ ہماری نظر میں ہے جہاں ضرورت محسوس ہوئی انھیں آرام دیں گے۔
ہمارے پاس ان کے متبادل بولرز بھی موجود ہیں، حارث رؤف اور دلبرحسین بھی پیس ہتھیاروں سے مزین ہیں،امید ہے کہ اس بار گذشتہ سیزن سے بھی بہتر بولر نظر آئیں گی۔سہیل اختر نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار دنیا کی دیگر لیگز سے بہتر ہے،بیٹنگ، بولنگ اور پچز کا معیار اعلیٰ ہے، کسی ٹیم کو کمزور نہیں خیال کیا جاسکتا، صرف روایتی حریف کراچی نظر میں نہیں پشاور اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کمبی نیشن بھی خاصا متوازن ہے۔