سندھ میں 20 سے زائد شاہراہوں پر احتجاج، ریلی اور دھرنا قابل سزا جرم قرار

0
116

کراچی:

حکومت سندھ نے اہم ترین قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں 20 سے زائد مقامات و شاہراہوں پر کسی بھی طرح کا احتجاج، ریلی اور دھرنا قابل سزا جرم قرار دے دیا۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر اہم شاہراہوں، ہائے ویز، ناردرن بائی پاس، ائیرپورٹ، بندرگاہ جانے والے روڈز، سندھ کے تمام شہروں میں انٹرسٹی بس اسٹینڈز اور شہروں کو ملانے یا اندرون شہر کی شاہراہوں، ریلوے اسٹیشنز اور ریلوے ٹریکس پر احتجاج پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے۔

حکم نامے کے مطابق پابندی کا اطلاق آئندہ ساٹھ روز کے لئے ہوگا، محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ماڑی پور روڈ، کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ، پی اے ایف روڈ، شاہراہ پاکستان پر بھی احتجاج ممنوع قراردے دیا گیا ہے جب کہ لیاری ایکسپریس وے، سپر ہائے وے کراچی حیدرآباد، کراچی کی تمام داخلی شاہراہوں پر بھی احتجاج ممنوع ہوگا، ریلوے اسٹیشنز، ریلوے لائنز پر دھرنے پر پابندی ہوگی جب کہ سندھ بلوچستان، سندھ، پنجاب کو ملانے والی آرسی ڈی شاہراہ پر بھی دھرنا اور احتجاج پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پردھرنا دینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اورسخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایپکس کمیٹی، پاکستان رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافز کرنے والے اداروں کا کہنا تھا کہ صوبے کی اہم شاہراہوں، صنعتی و کمرشل علاقوں کی سڑکوں کی احتجاج کے لئے بندش کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم شاہراہوں پراحتجاج پرپابندی کا مقصد آئے روز سڑکوں پراحتجاج کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام ،ایمبولینسوں سمیت ہزاروں گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس جانے، شہریوں کوپہنچنے والی اذیت اوربدترین ٹریفک جام کے باعث شہریوں اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے درپیش مشکلات اورتکالیف کا ازالہ کرنا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here