نیویارک(پاکستان نیوز)کرونا وائرس لاک ڈاؤن سے شروع ہونے والی بے روزگاری کی شرح تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے، رواں ہفتے بھی پانچ لاکھ 76 ہزار کے قریب بے روزگار افراد نے الاؤنس کے لیے اپلائی کیا ہے جس سے بے روزگار افراد کی مجموعی تعداد 79.6ملین تک جا پہنچی ہے جوکہ امریکہ کی آدھی ورک فورس کہی جا سکتی ہے، رپورٹ کے مطابق مارچ کے بعد بے روزگاری کے لیے اپلائی کرنے والے افراد کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رپورٹ میں یہ تعداد7 لاکھ 69 ہزار رہی تھی جبکہ اس سے پہلے 7 لاکھ مجموعی افراد نے بے روزگاری الاؤنس کیلئے اپلائی کیا تھا۔بے روزگاری کی شرح میں کمی کی ایک وجہ امریکی معیشت میں بہتری بھی ہے جس کی بڑھوتری کی شرح 9.8 فیصد رہی ہے، بلومبرگ کی اکنامسٹ ایلزا ونگر کے مطابق کرونا کیخلاف اُٹھائے گئے اقدامات کے جلد مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوں گے۔