پاکستان تحریک انصاف شکاگو چیپٹر کا اجلاس ،اوور سیز سیکریٹری عبداللہ ریاڑ کے خلاف مذمتی قرار داد

0
81

عبداللہ ریاڑ کے منفی اقدامات اور کارکنوں کے خلاف تضحیک آمیز رویوں پر سخت احتجاج ،وزیر اعظم و چیئر مین عمران خان سے فوری نوٹس کی اپیل

شکاگو ( پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف شکاگو چیپٹر کا ایک مذمتی اجلاس سابق صدر وسیم بٹ کی زیر ِ قیادت ، اوور سیز کے سیکریٹری جنرل عبداللہ ریاڑ کے کارکنوں کے خلاف تذلیل آمیز رویوں اور پارٹی مفادات کے خلاف منفی لائحہ عمل و ذاتی مفاداتی اقدامات پر احتجاج کیلئے منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی شکاگو کے بانی و سینئر ایگزیکٹوز اور اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ قابل ِ ذکر شرکاء میں وسیم بٹ کے علاوہ صبیح پیرزادہ ، سلیم موتی مکھی ، شفقت چوہدری ، منیر مکھی ، ندیم مکھی ، نومی ، نسیم شاہ ، ذوالفقار بھٹی ، خورشید شاہ ، افضال ، ناصر شیخ ، وزیر ذیشان اور نعیم احمد شامل تھے۔ اجلاس سے مختصر خطاب میں سابق صدر وسیم بٹ نے عبداللہ ریاڑ کے تنظیم دشمن اور مفاداتی حرکات و اقدامات نیز تنظیم کے بے لوث اور مخلص کارکنان کیلئے تضحیکی سوچ اور رویوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ عبداللہ ریاڑ پی ٹی آئی میں اس جماعت سے آ کر شامل ہوا جو نہ صرف تحریک انصاف کی سخت مخالف ہے بلکہ ملک کو دولخت کرنے کی بھی ذمہ دار ہے۔ عبداللہ ریاڑ اوور سیز تنظیم کی آڑ میں مخلص اور وفادار کارکنوں کی تذلیل کرنے اور مین اسٹریم سے انہیں خارج کر کے تنظیم کے متعدد ٹکڑے کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ اس مقصد کیلئے وہ جہاں مفاد پرست عناصر کو تنظیمی عہدوں پر بٹھا رہا ہے، وہیں ان کے ذریعہ ذاتی مالی منفعت بھی بٹور رہا ہے ۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے مذمتی قرار داد پاس کی گئی۔قرار داد میں وزیر اعظم سے عبداللہ ریاڑ کے منفی اور تنظیم مخالف اقدامات کی بناء پر فوری نوٹس لے کر اسے اوور سیز کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرار داد میں اوور سیز پاکستانیوں اور ٹائیگرز کے خلاف توہین آمیز بیانات و رویوں پر عبداللہ ریاڑ سے معافی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ اس امر کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں تنظیم کے انتخابات اپنی پسند کے گروپ کو کامیاب کرناے کیلئے دھاندلی اور منفی ہتھکنڈے استعمال کر کے تنظیم اور کھلاڑیوں میں اپنا اعتبار کھو دیا ہے۔ مذمتی قرار داد میں اس امر کابھی اعلان کیا گیا ہے کہ عبداللہ ریاڑ کے زیر ِ نگرانی ہونے والے آئندہ انتخابات کا شکاگو چیپٹر بائیکاٹ کرے گا۔ قرار داد متفقہ طور پر منظور کی گئی اورعمل کی درخواست کے ساتھ مرکزی قیادت کو بھیجی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here