بددعا!!!

1
490
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

آج کل سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں دعا اور اسرائیل کے لئے بددعا کی جارہی ہے۔نت نئی قسم کی بددعائیں دی جارہی ہیں۔مثلاً اسرائیل کو نیست ونابود کردے۔بیڑا غرق کردے۔تباہ وبرباد کر دے۔صفحہ ہستی سے مٹا دے۔راکٹ میں کیڑے پڑ جائیں۔وغیرہ وغیرہ عام آدمی اس سے زیادہ کر بھی کیا سکتا ہے۔اگر آج اسلامی ممالک آزادی فلسطین کے لئے روڈ پر بھرتی شروع کردیںتوان کی توقع سے زیادہ لوگ جمع ہوجائیں گے لیکن اسلامی ممالک ایسا کریں گے نہیں کیونکہ انہیں انسانیت سے زیادہ اپنے اقتدار سے پیار ہے۔بڑے لوگوں کی ناراضگی کا خوف ہے مصلحت کا تقاضا یہ ہے کہ صرف بددعا کی جائے۔یہ ان ریاستوں کا حال ہے لہٰذا ستاون اسلامی ملک اور ان کی فوج سنا ہے اس جمعتہ المبارک کو مل کر بددعا کریں گے۔یقیناً ہم بھی اس بددعا میں شریک ہونگے۔چونکہ عام آدمی کا ہتھیار صرف یہی بددعا ہے۔لیکن حیرت ہے طاقت ور اسلامی ملک بھی اپنے ہتھیار استعمال کرنے کی بجائے ہم غریبوں کے ہتھیار کو ہتھیانے کے چکر میں ہیں۔جب اسلامی ملکوں کے نیشنل ڈے آزادی مارچ ہوتے ہیں۔لاکھوں روپے ریال ڈالر پائونڈ خرچ کرکے اسلحہ کی نمائش کرتے ہیں۔بوٹوں کی گھن گرج طیاروں کی گونج اور جہازوں کے کرتب آنکھیں خیرہ کر دینے والے مارچ کس کے لئے ہیں۔اپنی قوم کو شاید ڈرانے کے لئے اگر یہ کسی اور مقصد کے لئے ہوتے تو ہمارے نہتوں کے ہتھیار بددعا کو ہم سے کیوں چھیننے کی کوشش کرتے۔تو صاحبو ہوشیار رہنا اس جمعہ کو ہم نے بھی اسلامی ملکوں کی افواج کے ساتھ بددعا میں شریک ہونا ہے۔آخر میں بددعا کو اکیس اکیس توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی تاکہ دشمن توپوں کی آواز سن کر دہشت زدہ خوف زدہ ہوجائے اور فی الفور فلسطین پر بمباری بند کردے اور فلسطینی بچوں اور عورتوں اور بوڑھی جانوں کی شہادتیں رک جائیں۔سرکاردوعالمۖ نے سچ فرمایاتھا۔تعداد مال میں کمی نہیں ہوگی صرف وھن کا شکار ہوجائیں گے۔پوچھا گیا یا رسول ۖاللہ وھن کیا ہے فرمایا مال کی محبت اور موت کی نفرت فرمایا گمراہ قومیں تمہارے اوپر اس طرح ٹوٹ پڑیں گی جیسے کھانے والے کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔سیلاب کے بھاگ کی طرح تمہاری پوزیشن ہوگی۔اللہ تعالیٰ تمہارے دشمنوں کے دلوں سے تمہاری ہیبت نکال دے گا سو میرے بھائیو اسلامی افواج کے ساتھ بددعا میں ضرور شریک ہونا۔
٭٭٭

1 COMMENT

  1. تلخ حقیقت ہے آج امت مسلمہ صرف احتجاج مذمت اور بدعا پر اکتفاء کر کے اپنے فرائض دینی و منصبی سے سبکدوش ہو چکی ہے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here