ساؤتھمپسٹن:
پاک بھارت ورلڈکپ میچ کیلیے سخت سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے جب کہ مسلح پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔
روایتی حریفوں کا ٹکراؤ اتوار کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہونا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے سبب منتظمین غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں، پاکستان اور بھارت کا انگلینڈ میں آخری مقابلہ2سال قبل ہوا تھا جب اوول لندن میں چیمپئنز ٹرافی فائنل میں گرین شرٹس نے فتح حاصل کی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق میچ میں کسی گڑبڑ کی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ تو موجود نہیں مگر پھر بھی حکام سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے، انگلینڈ میں عموماً ایسا ہوتا تو نہیں البتہ پاک بھارت مقابلے کے دوران مسلح پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف اور سٹی سینٹر میں گشت کریں گے۔
ٹکٹس سے محروم رہ جانے والے شائقین کو وینیو نہ آنے کی ہدایت دی گئی ہے، جو خوش نصیب ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ان سے بھی کہا گیا ہے کہ تلاشی وغیرہ میں وقت لگے گا لہذا پہلے ہی اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔ ٹیم ہوٹل میں بھی سخت سیکیورٹی ہے اورسادہ لباس اہلکار آنے جانے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ میچ ٹکٹس کیلیے آئی سی سی کو 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، گراؤنڈ میں محض 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے، مقامی ویب سائٹس پر ڈھائی ہزار پاؤنڈ (تقریباً5 لاکھ پاکستانی روپے) تک میں بھی ٹکٹیں فروخت ہو رہی ہے۔
ورلڈکپ کیلیے مانچسٹر میں ’’فین ولیج‘‘ بھی بنایا گیا جس میں ساڑھے تین ہزار افراد کی گنجائش ہے، وہاں جمعے کو ساؤتھمپٹن میں ہونے والا انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بڑی اسکرین پر دکھایا گیا۔