افغانی ٹیم کو گلّی ڈنڈا کھیلنا چاہیے!!!

0
94
حیدر علی
حیدر علی

فکسڈ میچ اُس وقت کہا جاتا ہے جب سابقہ میچوں میں ایک ٹیم کی کارکردگی قابل دید ہوتی ہے ، اُس ٹیم کے کھلاڑی فلڈنگ کے دوران چابکدستی اور چوکنا رہنے کا مظاہرہ کرتے ہیں، بیٹنگ اِس اعتماد سے کرتے ہیں جیسے بائولرز کے سامنے چٹان بن کر ایستادہ ہوں لیکن جب وہی ٹیم کسی دوسرے میچ میں اِس طرح کے کھیل کا مظاہرہ کرے جیسے معلوم ہوکہ وہ انسان نہیں گدھے ہوں اور گدھے کی طرح میدان میں کھڑے ہوں، کچھ یہی حالت افغانستان ٹیم کی اُس وقت تھی جب وہ بھارت کے مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12کے مرحلے میں کھیل رہی تھی، اُس کے کھلاڑی کیچ مِس پر مِس کررہے تھے جیسے وہ گلہری پکڑنے کی کوشش کر رہے ہوں، نجیب اﷲ نے لانگ آف پر کھڑے ہاردیک پانڈیا کا ایک آسان کیچ لیکن انتہائی اہم مِس کر دیااور ازراہ مہربانی پانڈیا نے چند لمحہ بعد ہی دوچھکے مار کر حساب برابر کردیا پھر سونے پر سہاگا افغانستان ٹیم کے اوپنر شہزاد صفر پر آؤٹ ہوگئے، افغانستان کی ٹیم کوئی بنگلہ دیش کی ٹیم تو تھی نہیں جو چراغ رخ زیبا لے کر اوپنرز کو تلاش کر رہی ہو لیکن ہر کھلاڑی جو بنگلہ دیش کی ٹیم کا اوپنر بنتا ہے صفر پر آؤٹ ہوجاتا ہے لہٰذا وہاں کے اخبارات میں بڑے بڑے حروف میں یہ اشتہارات شائع ہورہے ہیں کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کو کرکٹ کے اوپنر کی ضرورت ہے، ایسا اوپنر جو صفر پر آؤٹ نہ ہو۔کرکٹ کے شائقین کو دھچکے لگنے کی وجہ یہ بھی تھی کہ یہی بھارت کی ٹیم ہے جو نیوزی لینڈ کے مقابلے میں صرف 110 رنز پر اور پاکستان کے مقابلے میں 151 پر ڈھیر ہوگئی تھی کس طرح یہ افغانستان کے ساتھ میچ میں 210 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی. لوگوں کی قیاس آرائیاں جاری ہیں ۔کوئی کہہ رہا ہے کہ ضرور دال میں کچھ کالا ہے. کالی مائی کا جادو یا ڈالر کے کرارے کرارے نوٹوں نے اپنا کرشمہ دکھا دیا ہے. افواہیں یہ بھی گرم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی سابقہ بھارتی گرل فرینڈ اداکارہ ریکھا نے اُنہیں ایک اہم کال کرکے بھارت ماتا کی عزت بچاؤ کی بھیک مانگی تھی اور بلکہ تاج محل پیلس ممبئی میں اُن کے ساتھ اپنی دعوت کو بھی یاد دلایا تھا.سارے بھارت میں عزت بچاؤ کی ایک تحریک شروع ہوگئی تھی ، دیو داسیاں اور ممبئی کی اداکارائیں دبئی اور شارجہ پرائیویٹ جیٹ پر آنا شروع ہوگئیں تھیں،کسی کا لباس ایسا ہوتا جو نہ ہونے کے برابر تھا جب وہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سامنے سے گذرتیں تو کھلاڑی پریکٹس کے دوران اپنے گیندیں اور بیٹس پھینک کر اُنکے پیچھے دوڑنے لگتے تھے بعض کھلاڑی یہ کہتے ہوے سنے گئے کہ وہ اب کرکٹ کے بجائے بھارتی فلموں میں ڈاکو اور اسمگلرکا کردار ادا کرنے کو ترجیح دینگے، ایک پروڈیوسر نے اُن سب کھلاڑیوں کو جو اداکاربننے میں دلچسپی رکھتے تھے ، اُنکا نام وپتہ لکھنا شروع کردیا تھاتاہم اداکار بننے کیلئے پروڈیوسر نے یہ شرط مشروط کردی تھی کہ اُن سبھوں کو بھارت کے ساتھ میچ میں گھٹیا درجے کے کھیل کا مظاہرہ کرنا پڑیگا ، اور بھارت کو جتانے کیلئے جو کچھ بھی ممکن ہے وہ کرنا پڑیگا.مثلا”وہ تمام کیچ مِس کردیا کرینگے، بیٹنگ کرتے وقت صفر پر آؤٹ ہو جائینگے. فیلڈنگ کے دوران وہ یہ خواب دیکھا کرینگے کہ وہ طالبان کیساتھ بھنگ کا کش لگارہے ہوں، افغان ٹیم کے کیپٹن اور بعض دوسرے کھلاڑیوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے یہ پیشکش کی گئی تھی کہ بھارتی حکومت اُنہیں ٹویوٹا کیمری کا تحفہ بھی دے گی تاہم ایک افغانی کھلاڑی نے مطالبہ کیا کہ اُسے گاڑی کے ساتھ ایک خوبصورت لڑکی بھی چاہیے جس سے وہ شادی کر سکے لیکن کھیل کے میدان میں بھارت سے شکست کھانے کے بعد افغانی ٹیم کا جو حشر نشر ہوا شاید وہ کھلاڑی مدتوں نہیں بھول سکیں گے ، کرکٹ کے ایک فین جو انگلینڈ سے میچ دیکھنے آیا تھا اُن سے پوچھا کہ یہ گلی ڈنڈے کا کھیل کہاں سے سیکھ کر آئے ہو، مجھے بھی گلی ڈنڈا کھیلنے اچھا آتا ہے، ہم گاؤں میں اِسے کھیلا کرتے تھے. تم نے اِسے کہاں سیکھا چٹانوں پر یا پہاڑوں پر ؟ افغانی کھلاڑی نے غصے میں جواب دیا کہ ” میں نے اِسے پاکستان کے کیمپ میں سیکھا تھا.”اسپورٹس کے ایک جرنلسٹ نے سوال و جواب کے ایک موقع پر افغان ٹیم کے کپتان سے پوچھ لیا کہ کیا وجہ ہے کہ آپ کی ٹیم کا کھیل انتہائی مایوس کُن رہا ہے؟ کرکٹ کے فینز یہ کہہ رہے ہیں کہ اِس سے میچ فکسنگ کی بو آرہی ہے؟ کیا آپ اِس پر تبصرہ کرنا پسند کرینگے؟افغان ٹیم کے کپتان نے جواب دیا کہ ” ہماری بولنگ کام نہیں کر رہی تھی، اِسلئے بھارتی ٹیم کے بیٹسمین نے اِسکا بہت زیادہ فائدہ اٹھایا. ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ساری شکست کا غصہ بھارت نے ہم پر اتار دیا ہے. بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا ہمیں زیادہ تجربہ بھی نہیں ہے. ہم نے بھارت کے ساتھ صرف اکا دکا میچ کھیلا ہے”افغانستان میں طالبان کی حکومت اپنی قومی کرکٹ ٹیم کی انتہائی سنجیدگی سے نگرانی کر رہی ہے. اور اُن کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر رہی ہے جو میچ فکسنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے. طالبان کی آئین کے مطابق ایسے تمام کھلاڑیوں کو کوڑوں کی سزائیں دی جاسکتی ہیں. اِسلئے یہ امر قیاس از بعید نہیں کہ افغان کرکٹ ٹیم کے چند کھلاڑی یا بیشتر کھلاڑی افعانستان واپس جانے سے گریذ کریں اور بھارت میں ہی سیاسی پناہ لے لیں یہی وجہ ہے کہ بھارت کے ساتھ کھیل کے دوران اُن کا رویہ ایسا تھا جیسے وہ غلام ہوں اور بھارتی کھلاڑی اُن کے آقا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here