بے وقت موت نہیں آتی موت کا وقت مقرر ہے جب آجائے تو ایک لمحہ نہ آگے نہ پیچھے ہوتی ہے۔اور یہ بھی قاعدہ کلیہ نہیں ہے کہ کرونا اومی ہو یا ڈیلٹا موت آجائے گی۔مالک جب چاہے جس طرح چاہے اپنی امانت واپس لے لے گا۔کوئی تدبیر اس کے سامنے کارگر نہیں ہوسکتی۔ایک ہی تو چیز ہے دنیا میں جس میں کوئی اختلاف نہیں وگرنہ آج کے اس دور میں تو نصب کو ہی مشکوک بنا دیا گیا ہے۔پاکستان میں حادثہ ہوا لگ بھگ تئیس23لوگ قضائے الہٰی سے واپس چلے گئے ان میں کسی کو کرونا نہیں تھا۔اب سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے کہ مری میں جان سے جانے والوں کو کیوں نہ بچایا گیا۔ہرایک دوسرے پر ڈال کر اپنی جان چھڑا رہا ہے۔بعض ذمہ دار لوگوں کا بیان ٹی وی پر سنا وہ کہہ رہے تھے سیاح حضرات کو جانا ہی نہیں چاہئے تھا۔مگر جو اصلی ذمہ دار لوگ تھے وہ اپنی حکومت بچانے کے طریقے تلاش کر رہے تھے۔یہ بھی ٹی وی والوں ہی نے بتایا ہے جن خاندانوں کو یہ دکھ سہنا پڑا ہے۔اللہ ان کو صبرجمیل عطا فرمائے حکومت وقت نے آٹھ آٹھ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے گویا کہ انسانی جان کی قیمت پہلے دس لاکھ تھی اب وہ بھی آٹھ لاکھ کر دی ہے۔بہرحال جانے والے شہید ہیں۔اللہ پاک ان کے درجات کو اور بلند کرے۔ادھر ہمارے نیویارک میں ایک ضلع برونکس ہے اس میں انیس منزلہ بلڈنگ میں آگ لگی۔نیویارک میں دسمبر اور جنوری میں بے پناہ سردی پڑتی ہے گیس یا تیل سے بوائلر چلتے ہیں جس سے پانی گرم ہو کر کمروں میں پھرتا ہے جس سے سارے اپارٹمنٹ گرم رہتے ہیں۔کبھی کبھی بوائلر بند ہوجائیں تو بہت مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں۔پھر ایکسٹرا ہیٹر لگائے جاتے ہیں ظاہر ہے وہ بجلی کے ہیٹر ہوتے ہیں تھوڑی سی بے احتیاطی سے آگ کا بھڑکنا معمولی بات ہے گیمبیا افریقہ کے مسلمان اس بلڈنگ میں رہتے تھے۔دیکھتے دیکھتے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی دوسرے کمروں تک جاپہنچی انیس لوگ شہید ہوگئے۔تیس کے قریب بری طرح جل کر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔اس میں حوصلہ افزاء بات وہ یہ ہے کہ چند لمحوں میں نیویارک سٹیٹ کا گورنر نیویارک کے میئر اور فائر کمشنر خود کھڑے ہوکر نگرانی کر رہے تھے۔تینوں نے بیک زبان یہ کہا کہ ہم بلاتفریق مذہب سب کی خدمت کے لئے حاضر ہیں۔نیویارک کی تنظیمیں جو رفاع عامہ کا کام کرتی ہیں۔بلاتفریق مذہب وہاں پہنچی ہوئی تھیں انسان تو واپس نہیں آئیں گے لیکن یوں انتظامیہ اور رفاعہ عامہ کو دیکھ کر پس ماندگان کے حوصلے بہت بلند تھے۔اللہ پاکستان اور امریکہ میں شہید مسلمانوں کے درجات بلند کرے۔(آمین)۔
٭٭٭