ہندوستانی مسلمان!!!

0
82
مفتی عبدالرحمن قمر
مفتی عبدالرحمن قمر

سوشل میڈیا نے ایک آسانی تو کردی حکومتیں جو خبریں اپنی مرضی سے چلواتے تھے۔اب وہ یہ حرکت نہیں کرسکتے کیونکہ تقریباً ہر آدمی کے پاس فون ہے وہ تصویر بناتا ہے اور سوشل میڈیا کی نظر کر دیتا ہے جس سے ہر بندہ باخبر ہوجاتا ہے آج صبح ٹی وی کھولا پھر فون کھولا تو دیکھا ہندوستانی پولیس نہتے مسلمانوں پر لاٹھی چارج کر رہی تھی اور دوسرے طرف بلڈوزر مسلمانوں کے مکانات گرا رہا تھا۔مسلمانوں کے سیاسی لیڈر اپنی اپنی سیٹ بچانے کے لئے اپنی پارٹی کے خلاف کوئی بیان دینے یا مار دھاڑ رکوانے سے قاصر ہیں ،سرکار دو عالم کی گستاخی پر ہندوستانی مسلمانوں کا پرامن احتجاج بھی دہشت گردی شمار کیا جارہا ہے چونکہ ہندوئوں کو یوگی اور مودی جیسے رہنمائوں نے یہ باور کرا دیا ہے کہ مسلمان صرف دہشت گرد ہے ،دنیا دیکھ رہی ہے مگر ہندوستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے کوئی ملک آگے بڑھ کر ہاتھ پکڑنے کے لئے تیار نہیں۔پاکستانی مسلمان احتجاج کرتے ہیں تو انڈیا شور مچاتا ہے کہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے اقوام متحدہ ایک بے جان ادارہ ہے جو صرف بڑی حکومتیں اپنے مقصد کے لئے استعمال کرتی ہیں۔سنا ہے او آئی سی کچھ متحرک ہوئی ہے اللہ کرے کامیاب ہوجائے جن لوگوں نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی میرے خیال میں وہ بھی مخلص تھے اور جنہوں پاکستان بنایا وہ بھی مخلص تھے۔وزن دونوں طرف ہے مثلاً مخالفت کرنے والے کہتے تھے پہلی بات تو یہ ہے کہ مسلم لیگ نفاذ اسلام میں مخلص نہیں ہے یہ تو وقت نے ثابت کردیا ہے۔75 سالوں کے بعد اب بحث چھڑ گئی ہے پاکستانی اسلامی ریاست ہے یا فلاحی نتیجہ اسلامی نظام کا نفاذ نہ ہوسکا۔دوسری بات تقسیم سے مسلمان بٹ جائیں گے،ایک دوسرے کی مدد نہیں کرسکیں گے۔یہ بات بھی اب سچی ثابت ہوگئی ،انڈیا، بنگلہ دیش پاکستان تینوں کی آبادی تقریباً ساٹھ کروڑ ہے۔اگر یہ ایک ساتھ ہوتے تو ہندوئوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتے مگر ہندوستانی مسلمان قلیل تعداد ہونے کی وجہ سے ہندوئوں کے رحم وکرم پر ہیں۔ان کے اندر جرات، بے باکی اور حوصلہ کی کمی ہوگئی، بنگلہ دیش کے عوام ہندوستانی مسلمانوں کے لئے پریشان ہیں مگر کچھ کر نہیں سکتے کیونکہ حکومت انڈیا کی مہربانیوں سے قائم ہوئی ہے۔پاکستانی مسلمان اپنے جھمبیلوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ہماری فوج جس کی وجہ سے ہم ہندوستانی ظلم وستم کا لقمہ نہیں بنے ،اس کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیںلہٰذا اے ہندوستانی مسلمانوں تمہاری اللہ حفاظت فرمائے۔(آمین)۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here