اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ہر ضلع میں سہولت مرکز قائم کرنے کا فیصلہ

0
132

اسلام آباد(پاکستان نیوز) وزارت اوورسیز پاکستانیز نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ہر ضلع میں سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے یہ سہولت مراکز ڈپٹی کمشنر دفاتر میں قائم ہوں گے۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستان ساجد خان طوری نے اردو نیوز کو بتایا کہ حکومت نے عوام بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے، ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر انہیں خدمات فراہم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا جو صرف اور صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات سننے اور انھیں حل کرنے کا پابند ہوگا۔ وفاقی وزیر کے مطابق اوورسیز کے مسائل حل کرنے اور سرکاری اداروں کے ساتھ معاملات دیکھنے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے ٹی او آرز جلد تیار کر لیے جائیں گے۔ ان مراکز میں اوورسیز پاکستانیوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ کی فراہمی، پولیس تصدیق نامہ، گمشدگی رپورٹ، کرایہ دار رجسٹریشن، غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، رضا کار رجسٹریشن، گاڑیوں کی تصدیق اور ایف آر کی کاپی کی فراہمی کی سہولیات فراہم جائیں گی۔ اس کے علاوہ اوورسیز داخلہ اور سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی خصوصی سافٹ وئیر کے ذریعے اپنے مسائل کی نشاندہی کروا سکتے ہیں۔ اگر پولیس شکایت ہوگی تو متعلقہ تھانے کو ریفر کرتے ہوئے تھانے کو مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ اگر کسی وزارت یا ادارے سے متعلق کوئی مسئلہ ہوگا تو اس متعلقہ ادارے سے مسئلہ حل کرنے کا کہا جائے گا۔ سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ ان کی سہولت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں کیونکہ انھیں سرکاری اداروں میں اپنے مسائل کے حل میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بالخصوص ان کی غیر موجودگی میں زمین یا مکان پر قبضے کی صورت میں پولیس کی جانب سے عدم تعاون کی شکایت رہتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here