کراچی:
پاکستانی سپر اسٹار شان شاہد کو ’’لائن کنگ‘‘ کے ہندی ورژن میں شاہ رُخ خان کی آواز پر تنقید اس وقت مہنگی پڑ گئی جب ان کی ٹویٹ کے جواب میں ہندوستان سے کنگ خان کے مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور خوب کھری کھری سنائیں۔ کنگ خان کے کچھ فینز تو اپنے کمنٹس میں گالیاں تک دینے لگے۔
19 جولائی کو دنیا بھر سمیت ہندوستان اور پاکستان میں بھی ’’ڈزنی‘‘ کی مشہور فلم ’’لائن کنگ‘‘ ریلیز ہونے جارہی ہے جس کی ہندی ڈبنگ میں ’’مفاسا‘‘ اور ’’سمبا‘‘ نامی شیروں کی آوازوں پر بالترتیب شاہ رُخ خان اور ان کے بڑے بیٹے آریان خان نے وائس اوور دیا ہے۔ اس بارے میں 10 جولائی کے روز کنگ خان نے ٹوئٹر پر اس فلم کی ایک کلپ شیئر کرائی:
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے شان شاہد نے لکھا:
’’برائے مہربانی ایک یادگار فلم کو ہندی ڈبنگ سے تباہ نہ کیجیے۔ شاہ رُخ کی آواز کسی بھی دوسری فلم کےلیے اس کے وائس اوور سے مختلف نہیں۔ شیر کی ڈبنگ کرنے کےلیے کم از کم اپنی آواز کا انداز تو بدل لیتے۔‘‘
شان کا یہ تبصرہ شاہ رُخ خان کے بھارتی مداحوں کو اتنا برا لگا کہ انہوں نے جواب میں الٹے سیدھے کمنٹس کرنے شروع کردیئے۔ مثلاً رشیکیش بھنڈاری نامی ایک ٹوئٹر صارف نے ’’پاکستانی سمبا، دہاڑتے ہوئے‘‘ لکھ کر سرفراز احمد کی تصویر لگا دی جس میں وہ جماہی لے رہے ہیں:
شاہ رُخ خان کے کچھ مداح تو شان شاہد کو باقاعدہ گالیاں دینے پر بھی اتر آئے اور انہوں نے صرف شان ہی نہیں بلکہ پاکستان کےلیے بھی ایسے بیہودہ الفاظ استعمال کیے جو یہاں لکھے بھی نہیں جاسکتے۔
’’میرا باپ بِل گیٹس ہے‘‘ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: کسی نے تم سے پوچھا؟
ایک اور صارف ’’الف شیخ‘‘ نے کہا: ’’پہلے 19 جولائی کا انتظار کرلو، پوری فلم توجہ سے دیکھنا اور پھر اپنا منہ کھولنا۔ میں ایسے مفروضوں والے کمنٹس سے عاجز آگیا ہوں!‘‘
کسی سمر آنند نے لکھا: اس کو کہتے ہیں پھوکٹ کی پبلسٹی لینا۔ کام کے نہ نام کے، سو دام اناج کے۔