واشنگٹن ڈی سی(پاکستان نیوز)رواں برس اپریل کے دوران امریکہ بھر میں توقع سے زائد 2 لاکھ 53 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں ، معاشی ماہرین کی جانب سے 1 لاکھ 80 ہزار نئی ملازمتوں کی پیشگوئی کی گئی تھی، جبکہ بے روزگاری کی شرح میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جوکہ 3.5 فیصد سے کم ہو کر 3.4 فیصد پر آ گئی ہے ، بے روزگاری رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مارچ کے دوران 236,000 ملازمتیں، فروری میں 311,000 ملازمتیں اور جنوری میں 504,000 نئی ملازمتیں مارکیٹ میں شامل ہوئیں۔فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں بھی اضافہ ہوا جس کا مقصد معیشت کو سست کرنا اور افراط زر پر قابو پانا ہے، بہت سے ماہرین اقتصادیات توقع کرتے ہیں کہ بینکوں کی جانب سے زیادہ شرح اور قرض دینے میں سست روی سے ملازمتوں کی ترقی پر مزید اثر پڑے گا اور سال کے آخر تک کساد بازاری کا امکان ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار میں اعلیٰ قیمتوں اور کریڈٹ تک رسائی میں کمی کے درمیان صارفین کے اخراجات میں کمی آ رہی ہے۔ فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول نے لیبر مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ مانگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کساد بازاری سے بچ سکتا ہے۔