نگران وزیراعظم کیلئے محسن بیگ، میاں عامرمحمود، نجم سیٹھی، فواد حسن فوادکے نام نمایاں

0
74

اسلام آباد (پاکستان نیوز)پاکستان میں وفاقی حکومت کی پانچ سالہ مدت ختم ہونے میں پانچ ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ حکمران اتحاد کی تیاریوں سے بظاہر یہ دکھائی دینے لگا ہے کہ حکومت یا اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔اسی صورت حال میں نگراں وزیراعظم کے حوالے سے کئی نام سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان میں اٹھارہویں ترمیم کے بعد نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے سب سے پہلا اختیار وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے پاس ہے جو باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کر سکتے ہیں۔ دونوں میں اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جاتا ہے اور وہاں پر بھی اتفاق نہ ہونے کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کو جاتا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو حتمی سمجھا جاتا ہے۔ 2013 میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کے درمیان اتفاق نہیں ہو سکا تھا اور معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا جس نے میر ہزار خان کھوسو کو نگراں وزیراعظم مقرر کیا۔ 2018 میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کے نام پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں نگراں وزیراعظم نامزد کیا۔ اِس وقت چونکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور قائد حزب اختلاف برائے نام سمجھے جاتے ہیں۔ اس لیے غالب امکان یہی ہے کہ نگراں وزیراعظم کا نام حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں اور مقتدر حلقے ہی فائنل کریں گے۔ گذشتہ کچھ عرصے سے بعض نام وزارت عظمیٰ کے لیے وقتاً فوقتاً سامنے بھی آتے رہے ہیں، تاہم کسی بھی جماعت کی جانب سے ابھی تک رسمی طور پر کوئی نام نہیں لیا گیا۔ جو نام اب تک سامنے آئے ہیں ان میں آن لائن نیوز ایجنسی کے مالک محسن بیگ، دنیا میڈیا گروپ کے مالک اور سابق ضلع ناظم لاہور میاں عامر محمود، سینیئر صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی، سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد اور سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر شامل ہیں۔ اب گذشتہ چند روز سے ایک کاروباری شخصیت کا ذکر بھی کیا جا رہا ہے اور یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دبئی میں نواز شریف سے ان کی ملاقات بھی کروائی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن اس خبر کی تصدیق سے گریزاں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here