ناراض کمپنی…!!!

0
33
ماجد جرال
ماجد جرال

پریس کانفرنس کریں اور اپنی جان چھڑوائیں۔۔۔۔۔ پاکستان میں تحریک انصاف کے رہنمائوں کے لیے یہ آفر اسی کمپنی کی جانب سے لگائی گئی ہے جس کی مینجمنٹ بدل چکی ہے۔۔۔۔ ماضی میں اسی کمپنی کی پالیسی تھی کہ آپ سیدھا پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں۔۔۔۔۔
بہت سے لوگوں کو اب بھی یاد ہوگا کہ چوہدری شجاعت حسین نے سپریم کورٹ کے باہر کہا تھا کہ راولپنڈی میں لانڈری لگائی گئی ہے،،، جہاں پر صفائی کا کام جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت کم اور عسکری قوت کے سیاسی ونگ کے طور پر زیادہ مشہور رہی ہے۔۔۔۔ آج پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ مایہ ناز ترجمان فرخ حبیب کی پریس کانفرنس کا چرچہ ریڈ لائن سے منسلک کر کے ہو رہا ہے۔۔۔۔ مختصرا یہ کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کو بتایا جا رہا ہے کہ اصل ریڈ لائن کیا تھی۔۔۔
پاکستان کی یہ ریڈ لائن اسٹیبلشمنٹ ہے، جسے پار کرنے پر مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کو وزارت عظمی سے نکال کر گھر کی راہ دکھائی گئی،، محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا، اس ریڈ لائن کے قریب بھٹکنے والے سیاسی رہنمائوں کو جیلوں کی ہوا کھانی پڑی۔ پاکستان تحریک انصاف کا مسئلہ یہ ہے کہ انہوں نے نوکری کرتے کرتے مالک بننے کا خواب دیکھ لیا۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ بات درست ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اور ہمدردوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں دیکھا تھا کہ انہیں اس صورتحال سے دوچار ہونا پڑے گا۔
ان رہنمائوں کی سیاسی زندگی اور قد کاٹھ نا ہونے کے برابر اور صورتحال اس غبارے کی مانند تھی جس میں ہوا بھری گئی ہو، اور وہ اپنے آپ کو بڑی چیز سمجھنے لگے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پریس کانفرنس ہونے میں دیر نہیں لگتی۔
آج جس صورتحال سے پاکستان تحریک انصاف گزر رہی ہے، یہ غبارے میں سے ہوا نکالنے کے مترادف ہی ہے اور جب یہ ہوا نکل جائے گی تو اس جماعت کا اصل نقشہ آپ کے سامنے ہوگا۔بدقسمتی یہ ہے کہ اس سیاسی جماعت کی حریف کوئی دوسری سیاسی جماعت انہیں ختم کرنے پر نہیں تُلی ہوئی بلکہ انہیں باوجہ نافرمانی سیاست سے عاق کیا جا رہا ہے اور ایسا کرنے والی کوئی روپوش قوت نہیں بلکہ وہی ادارہ ہے جس نے اس غبارے میں آن ،بان اور شان کی ہوا بھری تھی، یہ پاکستان میں پہلی بار نہیں ہو رہا کمپنی کسی وقت بھی، کسی وجہ سے بھی، کسی سے بھی ناراض ہو سکتی ہے۔ اس لیے کمپنی سے آج کل اچھے تعلقات والے بھی اپنی باری کا انتظار کریں۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here