وہم اور خواتین!!!

0
301
رعنا کوثر
رعنا کوثر

کہتے ہیں کہ وہم کا کوئی علاج نہیں ہوتا۔ ایک وہمی انسان اپنے وہم کے ہاتھوں نہ صرف اپنی صحت‘ اپنی قوت‘ اپنی طاقت ختم کرتا ہے بلکہ اس کے وہم سے اس کے اردگرد بسنے والے بھی نقصان اٹھاتے ہیں۔ یوں تو ہر ملک میں ہی ایسے لوگ ل یتے ہیں جو ہر وقت وہم کا شکار رہتے ہیں مگر ہمارے ملک کی خواتین کچھ زیادہ ہی وہم کا شکار رہتی ہیں اور ورہ اس وہم میں اپنے خاندان کو بھی اپنے ساتھ شامل کرلیتی ہیں۔ کہیں خواتین کو یہ وہم لاحق ہوتا ہے کہ ان کے اوپر جادو کردیا گیا ہے تو کہیں خواتین اس وہم کا شکار ہوتی ہیں کہ ان کو نظر لگ گئی ہے اور ان کا پورا خاندان اس وہم کی جگہ سے پریشانی کا شکار رہتا ہے جہاں گھر میں کوئی بیماری آئی یا کسی قسم کی پریشانی آئی یا کسی کے کام میں رکاوٹ آئی‘ خواتین یہی سمجھ لیتی ہیں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پر جادو کیا جارہا ہے اگر بچہ بیمار رہنے لگا ہے یا اس کی پڑھائی ابھی نہیں ہورہی‘ اچانک ترقی ہوتی بند ہوگئی تو اس کے ذہن میں یہی آتا ہے کہ میرے گھر کو نظر لگ گئی ہے۔ میرا بچہ نظر کا شکار ہوگیا ہے حالانکہ جب بھی ایسا کوئی واقعہ ہو تو اس کے اسباب پر غور کرنا چاہئے۔ یہ دیکھنا چاہئے کہ کیا وجہ ہے جو ہم ترقی نہیں کر پارہے۔ ہوسکتا ہے ہم محنت نہایں کررہے ہوں یا اگر ہمارے درمیان لڑائی جھگڑے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو سمجھ نہیں پارہے ہوں یا کسی وجہ سے ہمارے گھر کا فرد ہمارا شوہر یا بیٹا یا بیٹی کسی تناﺅ کا شکار ہو اور لڑ جھگڑ رہا ہو۔ ہوسکتا ہے ہمارا بچہ سکول میں اس لئے فیل ہو رہا ہو کہ اسے سکول میں توجہ نہیں مل رہی ہو‘ اسے وہ مضمون پسند نہ ہو جو آپ اسے پڑھانا چاہ رہے ہوں۔ ہزاروں وجوہات ہر پریشانی کے پیچھے ہوتی ہیں۔ بجائے اس کے اسباب معلوم کرنے کے ہم فوراً ہی وہم کا شکار ہوجاتے ہیں اور جادو اور نظر پر ضرورت سے زیادہ یقین کرنے لگتے ہیں۔ اس وہم کی بجائے اللہ کی بتائی ہوئی قرآنی آیات کو پڑھیں۔ اپنے بچوں کو پڑھائیں اور ان سے کہیں کہ یہ آیات تمہاری حفاظت کریں گی۔ بچوں سے کہیں کہ رب زدنی علماءپڑھیں۔ اس سے علم میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ پڑھائی کیلئے رہنمائی بھی ملے گی۔ قل اعوذ برب الناس پڑھیں۔ ہر قسم کے شر سے محفوظ رہیں گے۔ آیتہ الکرسی پڑھیں۔ ان کے اندر خدا کا یقین اور اعتماد پیدا کریں۔ انسانوں سے ڈرنا نہ سکھائیں۔ انسان یا جانور دنیا کی کوئی بھی مخلوق اس وقت تک ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی جب تک خدا نہ چاہے۔ اس لئے اپنے اوپر بھی یقین رکھیں۔ زندگی میں کوئی بھی اونچ نیچ ہو تو سمجھ دار لوگوں کی طرح اس کے اسباب پر غور کریں‘ اس کے بعد خود فیصلہ کریں کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔ دنیا میں برے لوگ بھی ہیں جو کسی وجہ سے آپ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تو ان سے محتاط رہیں مگر وہم میں بھی مبتلا نہ ہوں۔ اللہ کی طاقت ہمارے ساتھ ہو تو ہمارا کچھ نہیں بگڑتا۔ یہ سب آزمائشیں ہیں جو ہم کو اکثر گمراہ کردیتی ہیں۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here