رمضان کا مقدس مہینہ کب آیا اور کب جا رہا ہے کچھ پتہ ہی نہیں چلا کیونکہ اس دفعہ الیکشن کا زور ہے اور تمام امیدوار اپنی اپنی حیثیت کے مطابق افطار اور سحری کا انتظام کر رہے ہیں، روزانہ کوئی نہ کوئی افطاری اور سحری ہو رہی ہے۔ آخری عشرہ بھی شروع ہو چکا ہے اور ختم قرآن کی محفلوں کا بھی انتظام ہو رہا ہے سب سے پہلے مسجد الامین ہل کرافٹ میں ختم قرآن کی خوبصورت محفل ہوئی، مفتی کاشف سلیم نے ختم قرآن اور خوبصورت دعا کروائی اور مشہور اسکالر قاسم بلا نے خطاب کیا۔ ختم قرآن کے بعد سحری کا بھی زبردست انتظام کیا گیا تھا بڑی تعداد میں لوگوں نے ختم قرآن اور سحری میں شرکت کی۔ پہلی بڑی سحری ہیوسٹن کے بزنس مین اسلم کپاڈیا نے مائی کلاچی میں رکھی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پہلے صرف افطاری کا انتظام ہوتا تھا پھر رفتہ رفتہ سحری کا فیشن شروع ہو گیا اور اس دوڑ میں لوگ جوق در جوق شامل ہو گئے اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے چکر میں لگ گئے۔ ہمارے پریسنٹ 3 شوگرلینڈ فورٹ بینڈ کائونٹی کے کانسٹیبل علی شیخانی نے بھی اپنے عالیشان گھر پر زبردست سحری کا انتظام کیا تھا۔ سب سے بڑی افطاری ہیوسٹن میئر کراچی سسٹر سٹی کی طرف سے ہوئی اس کے بعد شوگرلینڈ میریٹ میں افطار ڈنر ہوا جس کا انتظام سارہ خان اور ہارون مغل نے کیا۔ اس دفعہ سب سے زیادہ افطار پارٹیاں میئر آف شوگرلینڈ کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار نوشاد کرم علی نے آرگنائز کیں۔ ہمارے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ ہم ایک دن میں صرف ایک ہی جگہ جا سکتے ہیں مگر ہمارے مساجد کے عہدیدار ایک ہی دن میں دو جگہوں پر ختم قرآن رکھ دیتے ہیں، اس لیے ہم سب کو کور نہیں کر سکتے، نہ جانے یہ مسئلہ کب ختم ہوگا، چاند کا مسئلہ تو تقریباً ختم ہو چکا ہے اور روزہ ایک ہی دن شروع ہوا لیکن عید کے چاند پر ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، آئی ایس جی ایچ بھی آج کل پہلے سے اعلان نہیں کر رہی ہے اور وہ بھی ظاہر یہی کرتے ہیں کہ ہم بھی چاند کی روئیت پر یقین رکھتے ہیں لیکن وہ زیادہ تر سعودی عرب یا جو کلینڈر بنایا ہے اس پر چلتے ہیں کیونکہ وہ سائنٹفک اصولوں پر بنایا جاتا ہے اس لیے زیادہ تر ٹھیک ہوتا ہے لیکن ہمارے اہلسنت، فقہ حنفیہ اور فقہ جعفریہ چاند کی روئیت پر اعلان کرتے ہیں، اگر چاند نظر آگیا تو انشاء اللہ اتوار کو عید ہوگی ورنہ پیر کے روز بھی ہو سکتی ہے آپ چاہے کچھ بھی کر لیں زیادہ لوگ آئی ایس جی ایچ کو فالو کرتے ہیں لیکن یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ چاند کی روئیت پورے نارتھ امریکہ یا اس کے باہر کے قریبی علاقوں میں کہیں بھی چاند نظر آجائے تو روئیت ہلال کمیٹی اس کا اعلان کر دیتی ہے، دعا کریں کہ چاند نظر آجائے تاکہ اُمت مسلمہ اتفاق کیساتھ ایک ہی روز عید منائے، ورنہ عید کا مزہ خراب ہو جاتا ہے۔ اب میں جس بڑی سحری کا ذکر کرنے جا رہا ہوں وہ ہے پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کی سحری جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں اور یہ سحری بڑے ہی منظم طریقے سے منعقد ہوتی ہے۔ منی کراچی ہیوسٹن میں آئوٹ ڈور سحریوں کا رحجان بہت بڑھ گیا ہے۔ سحری کے پروگرام آرگنائز کرنے میں ہمارے ہیوسٹن کے سماجی و سیاسی کارکن امتیاز احسن کا اپنے کارکنوں کیساتھ انتظامات سنبھالنا بہت بڑا کام تھا اور انہوں نے پی اے جی ایچ کے عہدیداروں سراج نارسی صدر، عامر زیدی جنرل سیکرٹری، ارشد اقبال، خرم زئی، دانش، ظفر اقبال، محمود احمد اور خاتون فلک زہرہ نے اس میں حصہ لیا اس دفعہ کی خاص بات یہ تھی کہ بچوں اور بڑوں کیلئے گفٹ اور تُرکش ایئر لائن کی طرف سے قرعہ اندازی کے ذریعے دو عمرہ کے ٹکٹ بھی نکالے گئے۔ پوٹ بیسن پر ایک خوبصورت سماں تھا اور پورا علاقہ زبردست روشنی سے منور ہو رہا تھا پوٹ بیسن پر اب نہ جنریٹروں کا شور سنائی دے رہا تھا کیونکہ انتھک محنت اور کوششوں کے بعد علی شیخانی نے لائٹ کا انتظام کروا دیا ہے جس سے یہاں کی رونق دوبالا ہو گئی ہے۔ صدر سراج نارسی نے اپنے اسپانرسرز علی شیخانی، ترکش ایئر لائنز اور مشہور بزنس مین امین نارسی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ رات بارہ بجے سے لوگوں کی لائنیں لگ گئی تھیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سحری کی ، تقریباً سحری میں دس سے بارہ ڈشیں تھیں اور بہترین کھانا بنایا گیا تھا۔ کڑاہی پوائنٹ، کریوریسٹورنٹ، پکوان ہائوس کا اسٹاف تازہ اور گرم گرم کھانے بنانے میں لگا ہوا تھا بندو خان اسٹائل کے پراٹھے، نہاری، چکن کڑاہی، قیمہ، انڈے، چنے، ترکاری، حلوہ، ہر کھانا وافر مقدار میں موجود تھا لوگ رات گئے تک وہاں کے خوبصورت فیملی ماحول میں سحری سے لطف اندوز ہوئے۔ پی اے جی ایچ کی پوری ٹیم اس کامیاب سحری کرانے پر مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اپنی محنت سے اس سحری کو منظم طریقے سے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔
٭٭٭